سپریم کورٹ ، سی ڈی اے لیبر یونین کا ریفرنڈم روکنے کی اپیل پر سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی گئی

پیر 5 جولائی 2021 23:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2021ء) سپریم کورٹ نے وفاقی ترقیاتی اداری( سی ڈی ای)لیبر یونین کا ریفرنڈم روکنے کیلئے دائر اپیل پر سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کر دی۔ عدالت عظمی نے چیئرمین سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے صوبوں میں سی ڈی اے کے دفاتر سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ۔ پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مذکورہ بالا اپیل پر سماعت کی ۔

دوران سماعت درخواست گز ار امان اللہ گروپ کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ رجسٹرار این آئی آر سی نے سی ڈی اے لیبر یونین کا ریفرنڈم کرانے کا حکم ہمیں نوٹس دینے سے پہلے جاری کر دیا،عدالت سے استدعا ہے کہ ہمارے اعتراضات سنے جانے تک ریفرنڈم روکنے کا حکم دیا جائے ،اعتراضات سننے کا اختیار صرف رجسٹرار کو ہے کسی ممبر کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت لیبر یونین چوہدری یاسین گروپ کی جانب سے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کے رو برو پیش ہو کر موقف اپنایا کہ درخواست گزاروں نے نوٹس وصول کر کے جواب بھی دیا ہے لہذانوٹس جاری ہونے کا اعتراض اب نہیں اٹھایا جاسکتا،این آئی آر سی کے ممبر کا فیصلہ رجسٹرار کا فیصلہ تصور ہوتا ہے،درخواست گزار اپنی تین سالہ مدت پوری کر چکے اب حیلے بہانوں سے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ امان اللہ گروپ اعتراضات پر فیصلے کو اب چیلنج کر سکتا ہے نوٹس کو نہیں۔ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے کے صوبوں میں دفاتر سے متعلق رپورٹ طلب کر تے ہوئے معاملہ پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔