نیوزی لینڈ ، پاکستانی طالب علم نے ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ جیت کر دوگولڈ میڈلز حاصل کرلئے

پیر 12 جولائی 2021 15:00

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی کے نو جوان طالبعلم عزیر قمر بھٹی نے ویٹ لفٹنگ میں 67کلو گرام کی جونیئر اور سینئر کیٹیگریز میں سائوتھ آئی لینڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ جیت کر دوگولڈ میڈلز حاصل کرلئے ۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ ویٹ لفٹنگ کے زیر اہتمام 67کلو گرام کی جونیئر اور سینئر کیٹیگریز کے مقابلوں کیلئے نیلسن ویٹ لفٹنگ کلب میں سائوتھ آئی لینڈ ویسٹ لفٹنگ چیمپئن شپ منعقد کی گئی جن میں بیس سال سے کم اور زائد عمر کے نو جوان ویٹ لفٹرز نے حصہ لیا ۔

ان مقابلوں میں پاکستان کے شہر فیصل آباد کے نواحی گائوں گٹ والا سے تعلق رکھنے والے کرائسٹ چرچ کے معروف کار ڈیلر قمر زمان بھٹی کے بیٹے عزیرقمر بھٹی نے بھی جونیئر اور سینئر کیٹیگریز میں حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے چیمپئن شپ کی دونوں کیٹیگریزمیں عمدہ کار کر دگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طورپر 225کلو گرام ویٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز جیت لئے ۔

انہوںنے سنیچ میں 100کلو گرام اور کلین اینڈ جرک میں 125کلو گرام ویٹ اٹھایا ۔ عزیر قمر بھٹی جو اٹاگو یونیورسٹی میں بی فارمیسی کے ایئرٹو میں زیر تعلیم ہیں 2005میں اپنی فیملی کے ساتھ فیصل آباد سے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ منتقل ہوئے جہاں انہوںنے اپنے سکول کے ایام کے دور ان ہی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ عزیر قمر نے تین سال پہلے ویٹ لفٹنگ کیلئے کنٹربری سٹرینتھ انسٹی ٹیوٹ جوائن کیا جہاں انہوںنے کوچ لی اٹرل کی زیر نگرانی ٹریننگ شرورع کی انہوںنے گزشتہ تین سالوں میں متعدد ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا اور کئی میڈلز اپنے نام کئے انہوںنے 2019میں سائوتھ آئی لینڈ ویسٹ لفٹنگ چیمپئن شپ اپنے نام کی اس کے علاوہ انہوںنے نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2020اور اب سائوتھ آئی لینڈ ویسٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2021اپنے نام کرتے ہوئے دوگولڈ میڈلز حاصل کئے ۔

اٹاگو یونیورسٹی نے عزیر قمر بھٹی کو ان کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شاندار کار کردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے سکالر شپ بھی دے رکھی ہے ۔ عزیر قمر بھٹی واحد نو جوان پاکستانی ہیں جو نیوزی لینڈمیں اعلیٰ سطح پر ویٹ لفٹنگ کے مقابلو ں میں حصہ لے رہے ہیں ۔