افغانستان میں حکومتی فورسز کا200طالبان ہلاک کرنے کا دعوی

تخار صوبے میں افغان ملیشیا اور طالبان کے درمیان لڑائی،سابق مجاہد کمانڈر اور ملیشیا کے جنرل گل آغا مارے گئے

منگل 13 جولائی 2021 13:55

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) افغانستان کے 26 صوبوں میں حکومتی فورسز اور طالبان میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔فورسز نے 24 گھنٹوں کے دوران 200 کے قریب طالبان جنگجووں ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے جبکہ طالبان نے حکومتی فورسز کے دعوے کو مسترد کردیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق تخار صوبے میں افغان ملیشا اور طالبان کے درمیان لڑائی کے دوران سابق مجاہد کمانڈر اور ملیشا کے جنرل گل آغا مارے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نمروز صوبے کے شہر دل آرام میں کار بم دھماکے میں اففان فورسز کے 15 سے زائد اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے افغان طالبان کی جانب سے یہ دعوی سامنے آیا تھا کہ وہ ملک کے 85 فیصد علاقے پر قبضہ حاصل کرچکے ہیں۔اس سے قبل طالبان نے تاجکستان کی سرحد کے قریب بدخشاں صوبے کے 6 اضلاع پر قبضے کا دعوی کیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 1000 سے زیادہ افغان سرکاری فوجی فرار ہو کر سرحد پار تاجکستان میں داخل ہو گئے تھے جب کہ ایک ہزار سے زائد افغان شہری بھی تاجکستان میں پناہ لے چکے ہیں۔