ہالینڈ میں روبوٹ نے دنیا کے سب سے پہلے تھری ڈی پرنٹر سے چھاپے گئے فولادی پل کا افتتاح کردیا

ہفتہ 17 جولائی 2021 15:33

ایمسٹرڈیم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) ہالینڈ میں روبوٹ نے دنیا کے سب سے پہلے تھری ڈی پرنٹر سے چھاپے گئے فولادی پل کا افتتاح کیا۔غیر میڈیا کے مطابق ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم کی ایک چھوٹی سی نہر پر بنایا گیا تھری ڈی پل پیدل چلنے والوں کے لیے ہے جس کی لمبائی 40 فٹ ہے اور یہ 6 ٹن وزنی ہے۔پل کی افتتاحی تقریب میں ہالینڈ کی ملکہ میکسیما کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پل کا افتتاح کرنے کے لیے ملکہ میکسیما نے بٹن دبا کر ربورٹ بازو کا متحرک کیا جس نے دو قینچیوں کی مدد سے فیتہ کاٹ کر پل کو عوام کی آمدورفت کے لیے کھول دیا اس پل کو ہالینڈ کی کمپنی ایم ایکس تھری ڈی نے اپنے ورکشاپ پر تھری ڈی پرنٹنگ کی جدید ترین تکنیک استعمال کرتے ہوئے تیار کیا ہے۔ اس نئی ٹیکنالوجی سے تھری ڈی پرنٹنگ میں فولاد جیسے سخت مادّوں کے ساتھ ساتھ ویلڈنگ کرنے والے روبوٹس بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔پل تیار کرنے والی کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا مقصد صرف صنعتی معیار کی چیزیں کم خرچ بنانا ہی نہیں بلکہ ماہرینِ تعمیرات کو بھی اس قابل بنانا ہے کہ وہ اچھوتے انداز میں اپنے ہنر کا مظاہرہ کرسکیں۔