ٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوران باؤلنگ گیند کی رفتار میں تبدیلی اہم ہوتی ہے: شاہین شاہ آفریدی

ٹی ٹونٹی، تیز رفتار طرز کی کرکٹ ، بہتر باؤلنگ کے لیے جلد اور فوری فیصلے کرنے ہوتے ہیں : فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 جولائی 2021 14:36

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوران باؤلنگ گیند کی رفتار میں تبدیلی اہم ہوتی ہے: ..
برج ٹاؤن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں باؤلنگ کے دوران ضروری ہے کہ گیند کی رفتار میں متواتر تبدیلی کی جائیگی۔ شاہین شاہ آفریدی نے اپنا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ڈیبیو بھی ویسٹ انڈیز کیخلاف کیا تھا تاہم وہ ان کا ویسٹ انڈین ٹیم کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی تھا۔

یہ ان کا پہلا دورہ کیریبئن ہے۔ نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہناہے کہ ٹی ٹونٹی، تیز رفتار طرز کی کرکٹ ہے، جہاں بہتر باؤلنگ کے لیے جلد اور فوری فیصلے کرنے ہوتے ہیں،اس طرز کی کرکٹ میں سلو گیندوں کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ پچ اور کنڈیشنز کو دیکھ کر سلو بال کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں ،لازمی نہیں کہ ایک اوور میں صرف ایک سلو بال کیا جائے بلکہ وہ حریف بلے باز کے مضبوط اور کمزور پہلوؤں کو دیکھ کر دو سے تین سلو گیندیں کروانے کا بھی فیصلہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں برق رفتار بیٹنگ کرنے والے ہارڈ ہٹرز پر مشتمل ہے، یہ تمام کھلاڑی پی ایس ایل، سی پی ایل اور دنیا بھر کی لیگز میں کھیلتے ہیں، لہٰذا انہیں دنیا کے تقریباًً تمام باؤلرز کا بخوبی اندازہ ہے۔ ایسے بلے بازوں کے خلاف ویری ایشنز کا بہتر استعمال ہی آپ کی باؤلنگ کو بہتر بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیتھ اوورز میں زیادہ تر یارکرز لینتھ کو ہدف بنایا جاتا ہے، اس دوران اگر گیند ریورس سوئنگ ہو تو ایسے میں ان کی حسن علی اور حارث رؤف کے ساتھ پارٹنر شپ اچھی رہتی ہے،ان دونوں باؤلرز کے پاس بھی ویری ایشنز ہے۔

شاہین آفریدی اب تک 28 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 31 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، وہ اس فارمیٹ میں 19.6 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ باؤلنگ کررہے ہیں، ان کی بہترین باؤلنگ 20 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔