ٰمتحدہ عرب امارات میں طلاق کی شرح میں پریشان کُن حد تک اضافہ ہو گیا

ایک رپورٹ کے مطابق ابوظبی میں 62 فیصد جوڑوں میں شادی کے ابتدائی چار سالوں میں نوبت طلاق تک پہنچ رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 جولائی 2021 16:02

ٰمتحدہ عرب امارات میں طلاق کی شرح میں پریشان کُن حد تک اضافہ ہو گیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی2021ء ) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ چند سالوں کے درمیان ازدواجی تلخیوں کے باعث نوبت طلاق تک پہنچنے کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ جس کی وجہ اماراتی حکام نے اس معاملے سے نمٹنے کی خاطر اہم پیش رفت کا اعلان کر دیا ہے۔ ابوظبی کے ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب سے ایک ریسرچ کی بناء پر جاری ہونے والے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ ابوظبی میں 62 فیصد اماراتی جوڑوں میں شادی کے ابتدائی چار سالوں میں تعلقات اس قدر تلخی کا شکار ہو جاتے ہیں کہ نوبت طلاق تک پہنچ جاتی ہے۔

اس معاملے سے نمٹنے اور طلاق کی شرح گھٹانے کے لیے ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’تیغاوا‘ (Tegahwa) لانچ کر دیا ہے ۔ازدواجی مسائل اور ان کے سدِباب کے لیے یہ امارات بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا ڈیجیٹل پلیٹ فار م ہے جو ازدواجی جوڑوں میں پیدا ہونے والی تلخی اور گھریلو ناچاقی جیسے مسائل کی صورت میں پیشہ ورانہ مدد اور رہنمائی فراہم کرے گا تاکہ طلاق کی نوبت نہ پیش آئے۔

(جاری ہے)

ڈیپارٹمنٹ کی سوشل مانیٹرنگ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر لیلیٰ ال حیاس کا کہنا تھا کہ مختلف اسٹڈیز سے پتا چلتا ہے کہ خاوند بیوی میں مناسب انداز سے بات کرنے کی صلاحیت نہ ہونا اور اپنی بات اچھی طرح نہ سمجھا سکنا، ازدواجی تلخی سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹ نہ پانا، ایک دوسرے کو مناسب وقت نہ دینا اور میرج کونسلنگ کی سہولت سے فائدہ نہ اُٹھانا بھی طلاق کی شرح میں اضافے کی بڑی وجوہات ثابت ہو رہی ہیں۔

ڈیلی گلف اُردو کے مطابق تیغاوا کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے تنازعات کے شکار جوڑوں کو آپس میں موثر گفتگو کرنے، ایک دوسرے کو سمجھنے اور اختلافات کو حل کرنے سے متعلق بھرپور رہنمائی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ بچوں کی بہترین پرورش کرنے سے متعلق بھی مفید مشورے دیئے جائیں گے کیونکہ اس معاملے پر بھی ازدواجی جوڑوں کے اختلافات اْبھر کر سامنے آتے ہیں۔

ڈاکٹر لیلیٰ نے بتایا کہ تیغاوا ایک روایتی اماراتی لفظ ہے جس کے معنی اہم مسائل پر بات چیت کرنا اور خاوند بیوی کے خاندانوں کو درپیش چیلنجز کو حل کرنا ہے۔ تیغاوا کے پلیٹ فارم کا پائلٹ فیز خاندانی تعلقات کے ماہرین کی جانب سے چلایا جائے گا۔اس پلیٹ فارم پر جوڑوں کی زندگیوں کو مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور ان کی ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنانے اور بگاڑ سے بچانے کے لیے بہترین مشورے دیئے جائیں گے۔ تاکہ کوئی بھی خاندان بکھرنے سے بچایا جا سکے۔ تیغاوا کا ویب ایڈریس https://tegahwa.ae ہے۔