امریکہ خشوگی قتل کیس سے متعلق حقائق نہ چھپائے،منگیترمقتول سعودی صحافی

امریکا کا فرض ہے کہ وہ حقائق کو چھپانے کے بجائے انہیں عام کردے کیونکہ دیانت کا یہی تقاضا ہے ،خدیجہ

پیر 2 اگست 2021 14:50

امریکہ خشوگی قتل کیس سے متعلق حقائق نہ چھپائے،منگیترمقتول سعودی صحافی
استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) مقتول سعودی صحافی جمال خشوگی کی منگیتر خدیجہ نے کہا ہے کہ امریکا کو اس کیس کے کافی حقائق کا علم ہے جنہیں وہ چھپارہا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہاکہ امریکا کا فرض ہے کہ وہ حقائق کو چھپانے کے بجائے انہیں عام کردے کیونکہ دیانت کا یہی تقاضا ہے ، خدیجہ نے جو خود بھی ترکی کی معروف مصنفہ اور دانشور ہیں کہا کہ اگر امریکا نے اب بھی اس کیس کے حقائق پوشیدہ رکھے تو ثابت ہوجائے گا کہ امریکا سمیت ترقی یافتہ ممالک کی اقدار اور ان کے دعوے کھوکھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق امریکا کے ڈپارٹمنٹ آف نیشنل انٹیلی جنس کو اکتوبر 2018 میں خشوگی کے قتل کے فوری بعد بہت سے شواہد حاصل ہوگئے تھے جو امریکی حکومت منظر عام پر نہیں لارہی ہے۔