ایسی شاندار موت کہ زندگی بھی رشک کر اُٹھے

بزرگ شخص قرآن شریف کی تلاوت کرتے ہوئے دنیا سے رخصت ہو گیا

muhammad ali محمد علی پیر 2 اگست 2021 22:50

ایسی شاندار موت کہ زندگی بھی رشک کر اُٹھے
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست2021ء) ایسی شاندار موت کہ زندگی بھی رشک کر اُٹھے، بزرگ شخص قرآن شریف کی تلاوت کرتے ہوئے دنیا سے رخصت ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق عرب اسلامی ملک مصر میں ایک ایسے واقعے کا انکشاف ہوا جس کی خبر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ ہر مسلمان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اسے ایمان کی حالت میں موت آئے۔

اور اگر زندگی کا آخری سانس اللہ کے کلام کی تلاوت کے دوران آ جائے تو اس سے بڑھ کر خوش نصیبی کی موت اور کیا ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایسی ہی ایمان پرور سعادت مصر کے 80 سالہ ایک بزرگ شہری کو نصیب ہوگئی۔ مصری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 80 سالہ شیخ محمد حسن نامی بزرگ شہری ایک معروف قاری تھے جو انتقال کے وقت فوتگی والے ایک گھر میں موجود تھے۔ شیخ محمد حسن ایک معلم کے طور پر بھی مشہور تھے جبکہ وہ ہر سال رمضان المبارک کے دوران کئی مرتبہ مکمل قرآن شریف کی تلاوت کرنے کی سعادت حاصل کرتے تھے۔

شیخ محمد حسن کو ایک فوتگی والے گھر میں مدعو کر کے قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ شیخ محمد حسن درخواست قبول کرنے کے بعد فوتگی والے گھر پہنچے اور جب وہ قرآن شریف کی تلاوت میں مصروف تھے، عین اسی وقت وہ دنیا سے رخصت ہوگئے۔