وزیر اعظم کے سیٹزن پورٹل پر پانچ مرلہ پلاٹ پر قبضہ کی شکایت درج کرانے والی مری کی رہائشی خاتون کی کمشنر راولپنڈی کی نگرانی میں فوری داد رسی

بدھ 4 اگست 2021 23:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) وزیر اعظم کے سیٹزن پورٹل پر پانچ مرلہ پلاٹ پر قبضہ کی شکایت درج کرانے والی مری کی رہائشی خاتون کی کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ کی نگرانی میں فوری داد رسی عمل میں لائی گئی ہے۔ خاتون کا پانچ مرلے کا پلاٹ بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کرا کے ریٹائرڈ پٹواری اور اسکے بیٹے کے خلاف پلاٹ پر غیر قانونی قبضہ کرنے اور کارسرکار میں مداخلت کرنے کے الزام پر ایف آئی درج کی گئی ہے۔

پولیس ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ہاجرہ احسان نے وزیراعظم کے سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائی کی کہ اس کا پانچ مرلے کا پلاٹ قابضین سے وا گزار کرایا جائے۔ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر مری ریونیو عملہ اور پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور زمین کی حد بندی کرکے پلاٹ کا قبضہ شکایت کنندہ ہاجرہ احسان کے حوالے کیا جو اپنے شوہر اور ایک کزن کے ہمراہ موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

قبضہ ملنے کے فوراً بعد ہاجرہ احسان کے ٹھیکیدار نے پلاٹ پر چار دیواری بنانا شروع کر دی۔ قابضین راجہ حنیف جو کہ ایک ریٹائرڈ پٹواری ہیاور اس کا بیٹا ارسلان حنیف 10 دیگر افراد کے ہمراہ موقع پر نمودار ہوئے۔انہوں نے مشتعل ہو کر شکایت کنندہ خاتون سے جھگڑا شروع کر دیا اور ہاجرہ احسان اور اس کے شوہر پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی۔ انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے مداخلت کرکے ہاجرہ احسان اور اسکے شوہر کوبچایا۔

مگر اس دوران قابضین موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے سخت حفاظتی اقدامات کیے اور پلاٹ پر چار دیواری کا کام شروع کیا۔ راجہ حنیف اور اس کے بیٹے ارسلان حنیف کے خلاف غیر قانونی قبضہ، کار سرکاری میں مداخلت اور شکایت کنندہ کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔