پاکستان ، آسٹریلیا ارکین پارلیمنٹ کا اجلاس 23 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا

پاکستان آسٹریلیا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس میں فیصلہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کے خوشگوار تعلقات استوار ہیں،دونوں ممالک کی پارلیمان اور اراکین کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،مریم اورنگزیب

جمعرات 12 اگست 2021 23:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2021ء) پاکستان اور آسٹریلیا کی پارلیمنٹ کے ارکان کا اجلاس 23 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا ۔پاکستان اور آسٹریلیا کی پارلیمنٹ کے ارکان باہمی طور پر متفقہ ورک پلان پر فیصلہ سازی کریں گے ۔یہ فیصلہ پاکستان آسٹریلیا پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس میں کیا گیا ہے ۔پارلیمانی گروپ کی کنوینر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اجلاس کی صدارت کی ۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا آبی ذخائر، آبی وسائل کے تحفظ اور اس شعبے میں دونوں طرفہ باہمی تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کے خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کی پارلیمان اور اراکین کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلیم، کھیل و سیاحت، ثقافت، تجارت، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی برادری آسٹریلیا کی معاشی و سماجی تعمیر و ترقی میں اپنا قابل فخر کردار ادا کر رہی ہے۔آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کے فروغ میں مثبت و تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہناتھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا میں فن وثقافت، فنون لطیفہ اور کلچرل ایکسچینجز بڑھانے کی ضرورت ہے۔

زراعت اور متبادل توانائی کے شعبوں میں دونوں ممالک میں بھرپور تعاون کے امکانات موجود ہیں۔آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی برادری آسٹریلیا کی معاشی و سماجی تعمیر و ترقی میں اپنا قابل فخر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہو ں نے کہا آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کے فروغ میں مثبت و تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔پارلیمانی ایکسچینج پروگرام کے تحت اراکین پارلیمان کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لئے کام کیا جائے گا۔

اجلاس میں صاحبزادہ صبغت اللہ، مجاہد علی، ملک انور تاج، گل داد خان، محسن داوڑ، علی نواز اعوان، چوہدری محمد بشیر ورک شریک ہوئے۔ پیرزادہ سید عمران احمد شاہ، محمد خان ڈاہا، سید جاوید علی شاہ جیلانی، صلاح الدین، رومینہ خورشید عالم، شاہدہ رحمانی، ڈاکٹر شازیہ صوبیہ، غزالہ سیفی، رمیش کمار نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔