کورونا ہائی الرٹ جاری کر کے 25اضلاع میں 15 ستمبر تک سمارٹ لاک ڈائون نافذ

11ہائی رسک اضلاع میں 27 اگست 2021 کا نوٹیفیکیشن لاگو ہوگا، نوٹیفکیشن جاری

جمعرات 2 ستمبر 2021 00:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2021ء) پنجاب میں کورونا ہائی الرٹ جاری کر کے 25اضلاع میں 15 ستمبر تک سمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے لاک ڈائون آرڈر کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 11ہائی رسک اضلاع میں 27 اگست 2021 کا نوٹیفیکیشن لاگو ہوگا۔سیکرٹری عمران سکندر بلوچ کے مطابق زیادہ کیسز والے اضلاع میں لاہور، راولپنڈی ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب ، بہاولپور، گوجرانوالہ اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق مارکیٹیں اور کاروباروں کے اوقات کار رات 10:00 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ اتوار کے روز اشیا ئے ضروریہ کی دکانوں اور کاروباروں کے علاوہ باقی تمام بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

ریسٹورنٹس میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ صرف ویکسی نیٹڈ افراد کورات 11:59 بجے تک کی اجازت ہوگی جبکہ آئوٹ ڈور ڈائننگ میں رات 11:59 تک مکمل کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہنے کی اجازت ہو گی۔

ان ڈور شادیوں کی تقریبات میں صرف 200 افراد کی شمولیت کی اجازت ہوگی آئوٹ ڈور شادی کی تقریب میں 400افراد کی موجودگی کی اجازت ہوگی۔صوبہ بھر کے تمام مزارات کھلے رہیں گے اور صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو داخلے کی اجازت دی جائے گی، 30 سال سے زائد عمر کے افراد ہی مزارات پر جا سکتے ہیں۔تمام سینما گھر بند رہیں گے، تمام مذہبی ثقافتی اور دیگر ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی البتہ آئوٹ ڈور میں 300 افراد کی اجازت ہو گی۔

کراٹے ، رگبی ، مارشل آرٹس، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ پر پابندی ہو گی، تمام جمزمیں صرف ویکسی نیٹڈ لوگوں کو ورزش کی اجازت ہو گی۔تمام سرکاری و نجی دفاتر میں 100فیصد عملے کے ساتھ نارمل اوقات کار سے کام کرنے کی اجازت ہو گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی گنجائش 70 سے 50 فیصد کر دی گئی ہے۔ ریلوے کو صرف 70 فیصد افراد کے ساتھ چلنے کی اجازت ہو گی۔ تفریحی پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹر سپورٹس میں صرف 50 فیصد عملے کی اجازت ہو گی۔ تمام شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہے صرف ویکسی نیٹڈ لوگوں کو تفریحی مقامات پر جانے کی اجازت ہے۔