طالبان نے ابھی تک اپنے وعدے پورے نہیں کئے،حامدکرزئی

افغانستان کے لوگوں کو ایسی حکومت کی ضرورت ہے جس میں وہ بغیر کسی خوف و ہراس رہ سکیں،ملکی ترقی کیلئے لڑکیوں کی تعلیم کے سوا کوئی راستہ نہیں ، سابق افغان صدر

پیر 20 ستمبر 2021 16:06

طالبان نے ابھی تک اپنے وعدے پورے نہیں کئے،حامدکرزئی
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) سابق افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ طالبان نے اپنے کیے ہوئے وعدے اب تک پورے نہیں کئے۔ایک انٹرویو میں سابق افغان صدر حامد کرزئی نے کہا کہ طالبان نے لڑکیوں کی تعلیم ، خواتین کے حقوق ، قومی پرچم اور دیگر قومی اقدار کے وعدے کیے لیکن ابھی تک ان وعدوں پر عملدرآمد ہوتا نہیں دیکھا گیا۔

سابق افغان صدر نے کہا ہے کہ افغانستان کے لوگوں کو ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جس میں وہ بغیر کسی خوف و ہراس کے رہ سکے جبکہ طالبان دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھیں ، ترقی کے لیے کام کریں اور لوگوں کو خوشی سے رہنے دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسی کابینہ کی ضرورت ہے جو پورے افغانستان کی نمائندگی کرے جس میں خواتین اور تمام نسلوں کے لوگ نظر آئیں لیکن طالبان نے جو اعلان کیا ہے اس میں ایسا ہوتا کچھ دکھائی نہیں دے رہا۔

(جاری ہے)

لڑکیوں کے سکولز کی بندش پر سابق صدر نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے لڑکیوں کی تعلیم کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔حامد کرزئی نے افغانستان میں جاری صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اب بھی اپنے مستقبل سے خوفزدہ ہیں خاص طور پر جب ان کی بیٹیوں کے مستقبل کی بات آتی ہے کیونکہ نام نہاد کابینہ نے لوگوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔