شوہر نے بھائی اور باپ کے ساتھ مل کر بیوی کو زندہ جلا دیا

مقتولہ سونیا بی بی کی 3 سال قبل حمزہ نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 اکتوبر 2021 11:16

شوہر نے بھائی اور باپ کے ساتھ مل کر بیوی کو زندہ جلا دیا
مریدکے (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2021ء) : سفاک شوہر نے اپنے باپ اور بھائی کے ساتھ مل کر بیوی کو زندہ جلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق مریدکے کے علاقہ بغداد پور ورکاں میں شوہر نے بھائی اور والد کے ہمراہ مبینہ طور پر بیوی پر تیل چھڑک کر زندہ جلا ڈالا۔ پولیس کو درج کروائی جانے والی ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ سونیا کے بھائی شہزاد نے الزام عائد کیا کہ اس کی اکلوتی بہن کو تشدد کے بعد اس کے شوہر، دیور اور سسر نے تیل چھڑک کر آگ لگائی۔

پولیس نے کہا کہ مقتولہ سونیا بی بی کی 3 سال قبل حمزہ نامی شخص سے شادی ہوئی تھی، مقتولہ کی 2 سال اور 10 ماہ کی دو بیٹیاں ہیں، مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کو اٹر اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر حمزہ اور دیور زین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قبل ازیں رائے ونڈ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جہاں شوہر نے بیوی کے میکے سے واپس نہ آنے پر اپنے ہی گھر کو آگ لگادی تھی، تاہم ملزم نشے کا عادی تھا، جس کی لگائی آگ کے باعث گھر میں رکھا دو بیٹیوں کا سارا جہیز جل کر خاک ہوگیا۔

لاہور کے علاقہ رائے ونڈ میں نشے کا عادی شخص اپنی بے وقوفانہ حرکت کی وجہ سے گھر سمیت قیمتی اشیاء سے محروم ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ شوہر نے بیوی کے میکے سے واپس نہ آنے پر اپنے ہی گھر کو آگ لگادی۔ پولیس کے مطابق گھر جلانے والے شخص کی بیوی ناراض ہو کر میکے چلی گئی تھی، جبکہ تمام تر کوششوں کے باوجود شوہر اپنی بیوی کو راضی کرنے میں ناکام رہا۔

ناراض بیگم میکے سے واپس نہ آئی تو دلبرداشتہ شوہر نے انتہائی قدم اٹھا لیا، اپنے گھر کو تالا لگا کر آگ لگادی، جس سے گھر میں رکھا دو بیٹیوں کا سارا جہیز جل کر خاک ہوگیا۔ گھر میں لگی آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ طلب کرنا پڑی۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ ملزم نشے کا عادی ہے اور اسی وجہ سے بیوی سے جھگڑا ہوا تو وہ گھر چھوڑ کر چلی گئی۔ پھر بیوی کی ناراضگی ختم نہ ہونے پر اس نشے کے عادی شخص نے اپنے ہاتھ سے اپنے ہی گھر کو آگ لگا دی۔