رحیم یار خان،قوت بصارت سے محروم افراد سے منسوب ’’سفید چھڑی‘‘ کے عالمی دن کے موقع پر سکول فار سپیشل پرسنز میں تقریب کا اہتمام

جمعہ 15 اکتوبر 2021 17:48

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) قوت بصارت سے محروم افراد سے منسوب ’’سفید چھڑی‘‘ کے عالمی دن کے موقع پر سکول فار سپیشل پرسنز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف تھے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست علی، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر رانا سجاد احمد، چوہدری محمد افضل سمیت دیگر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی ترقی او ربھلائی کے لئے متعدد فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا جبکہ ضلعی سطح پر بھی خصوصی افراد کی بحالی کے اقدامات میں وسعت لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قوت بصارت سمیت قدرتی طور پر کسی بھی جسمانی معذوری سے افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں سہولیات کی فراہمی نہ صرف ریاست بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے خصوصی افراد کو سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ دو سے بڑھا کر3فیصد کر دیا گیا ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ ٹرانسپورٹ میں بھی خصوصی افراد کو 50فیصد رعایت حاصل ہے جس کے لئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کی میٹنگ کال کرکے انہیں پابند کریں کہ وہ خصوصی افراد، اساتذہ اور طالبعلموں کو حکومتی ہدایات کے مطابق سفر ی سہولیات فراہم کریں علاوہ ازیں ان کو پک اینڈ ڈراپ کے وقت تیزی سے کام نہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی پبلک مقامات پر ان افراد کی سہولت کے لئے ریمپ بنائے جائیں گے تاکہ انہیں آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے علاوہ ازیں ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ایسی تمام اہم شاہرات پر زیبرا کراسنگ بھی بنائی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے قوت بصارت سے محروم افراد میں سفید چھڑیاں بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :