سعودی عرب تیل کے محفوظ ذخائرکے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا

2020کے دوران سعودی ذخائر میں 0.003 فیصد یا 9 ملین بیرل اضافہ ہوا، وزارت توانائی

بدھ 20 اکتوبر 2021 12:23

سعودی عرب تیل کے محفوظ ذخائرکے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) سعودی عرب تیل کے محفوظ ذخائرکے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ دنیا بھر میں تیل کے محفوظ 267.1 ارب بیرل ہیں جن میں سعودی عرب کا تیل کا محفوظ ذخیرہ17.2 فیصد حصہ ہے۔ سنہ 2020 کے اختتام تک تقریبا 1.55 کھرب بیرل تیل کے ذخائر محفوظ ہوگئے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت توانائی اور اوپیک کے اعداد و شمار پر مبنی مانیٹرنگ میں بتایاگیاکہ سنہ 2020 کے دوران سعودی ذخائر میں 0.003 فیصد یا 9 ملین بیرل اضافہ ہوا۔

سعودی تیل کے ذخائر وینزویلا کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہیں جو 303.6 بلین بیرل کا مالک اور کل ذخائر کا 19.6 فیصد محفوظ رکھتا ہے۔سعودی عرب کے تیل کے ذخائر مشرق وسطی کے ممالک کے ذخائر کے 31.1 فیصد کے برابر ہیں جو 860 ارب بیرل اور اوپیک ممالک کے ذخائر کا 21.6 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

دنیا میں تیل کے ذخائر 2020 کے دوران 0.2 فیصد (2.63 بلین بیرل) بڑھ گئے تھے۔ متحدہ عرب امارات کے ذخائر میں دو ارب بیرل کا اضافہ ہوا تھا۔

تیل کے محفوظ شدہ ذخائرکے لحاظ سے دنیا کے سرفہرست دس ممالک میں ، ایران وینزویلا اور سعودی عرب سر فہرست ہیں۔ ایران کے محفوظ شدہ ذخائر 208.6 بلین بیرل ہیں جو کل محفوظ ذخائر کا 13.5 فی صد بنتا ہے۔ اس کے بعد عراق 145 ارب بیرل تیل کے ذخائر رکھتا ہے جو کل ذخائر کا 9.4 فیصد ہے۔متحدہ عرب امارات کے محفوظ ذخائر 107 ارب بیرل یعنی کل 6.9 فی صد اور کویت 101.5 ارب بیرل کے ساتھ 6.6 فی صد کا عالمی تناسب رکھتا ہے۔

روس 80 ارب بیرل تیل کے محفوظ ذخائر کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ اس کا عالمی ذخائر میں حصہ 5.2 فی صد، لیبیا 48.4 ارب بیرل یعنی کل 3.1 فیصد کی نمائندگی کرتا ہے۔امریکا کے محفوظ ذخائر 44.5 ارب بیرل ہیں جو کل محفوظ ذخائر کا 2.9 فیصد ہے۔ اس فہرست میں دسویں نمبرپر نائجیریا ہے جس کے تیل کے محفوظ ذخائر 36.9 ارب بیرل ہیں جو عالمی ذخائر 2.4 فیصد حصے کا مالک ہے۔اوپیک کا ڈیٹا دنیا کے روایتی تیل کے ذخائر پر منحصر ہے۔اس میں شیل آئل شامل نہیں ہے۔ اس لیے کینیڈا سب سے زیادہ ذخائر رکھنے والے ممالک کی فہرست سے باہر رہ گیا تھا۔