ڈی سی لاہور کی زیر صدارت علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تقریبات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ اجلاس

امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت کو برقرار رکھا جائے،سول ڈیفنس سکیورٹی فورسز کے ساتھ ملکر سکیورٹی کے انتظامات کو دیکھیں گے‘ڈی سی لاہو ر

بدھ 17 نومبر 2021 00:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2021ء) ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی زیر صدارت علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تقریبات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں رکن عاشورہ علامہ فاروق الحسن اور عرس منتظمین، تحریک لبیک کے سیکیورٹی انچارج، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد، ایس ایس پی آپریشن کیپٹن(ر) محمد مستنصر فیروز، ایم سی ایل، واسا، سول ڈیفنس، سپیشل برانچ، ریسکیو 1122، لاہور پارکنگ کمپنی، ٹریفک پولیس اور دیگر نے شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ لاہور اور عرس منتظمین کے مابین خوشگوار ماحول میں عرس کے انتظامات کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی۔ عرس منتظمین نے ٹریفک پلان، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو موثر بنانے کی درخواست بھی کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے عرس منتظمین کے تمام تر انتظامات کو بروقت مکمل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت کو برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عرس کی تقریبات 20 اور 21 نومبر کو جامعہ مسجد رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں منعقد ہو گی۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ سول ڈیفنس سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ملکر سیکیورٹی کے انتظامات کو دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی ایل تجاوزات اور دیگر مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو دیکھیں گے اور واسا سیوریج سسٹم کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تخریب کاری سے بچنے کے لئے عرس کی تقریبات کو بذریعہ کنٹرول روم مانیٹر کیا جائے گا۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ کنٹرول روم میں ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس کا عملہ بھی موجود ہو گا۔