ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی فون کالز کے حوالے سے انکشاف

ہفتہ 27 نومبر 2021 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی فون کالز کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے ۔شاہی مبصر جوناتھن نے بتایا کہ ملکہ کے پاس شاہی نظام کو چلانے اور دیگر کام دیکھنے کے علاوہ ایک ذاتی موبائل فون ہے جسے کوئی ہیک نہیں کرسکتا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اس پر صرف دو لوگوں سے ہی بات کرتی ہیں۔جوناتھن کے مطابق ان دو لوگوں میں ان کے بیٹے شامل نہیں ہیں، جی ہاں! ملکہ جن سے اپنے ذاتی فون پر بات کرتی ہیں یا جن کی کالز کا جواب دیتی ہیں وہ ان کی بیٹی 'شہزادی این' ہیں جب کہ دوسرے شخص ملکہ کے ریسنگ منیجر جون وارن ہیں۔

جوناتھن نے اس بات کا انکشاف امریکی پریزینٹر کرسٹینا گاری بلدی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ کہا جاتا ہے کہ ملکہ سب سے زیادہ اپنے ریسنگ منیجر اور بیٹی سے موبائل پر بات کرتی ہیں جبکہ ملکہ الزبتھ کے پاس سام سنگ کا اینٹی ہیکر انکرپٹڈ موبائل ہے تاکہ کوئی بھی شخص ان کا فون ہیک کرکے ڈیٹا چوری نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

برٹش میگزین کے مطابق ملکہ الزبتھ کو گھوڑوں کا بے حد شوق ہے اور وہ گھوڑوں کی ہونے والی شاہی تقریب میں بھی حصہ لیتی ہیں، ملکہ کو گھوڑوں سے متعلق کسی قسم کی معلومات جاننی ہوں یا کوئی بھی کام ہو تو وہ پہلی فرصت میں جون وارن سے رابطہ کرتی ہیں۔