ٹوئٹر کے سی ای او کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

میں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، میرے لیے یہ فیصلہ بے حد مشکل تھا: جیک ڈورسی

پیر 29 نومبر 2021 22:18

ٹوئٹر کے سی ای او کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ
نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2021ء) ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تحریر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے متعلق عوام کو آگاہ کیا ہے۔



اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ ان کا ذاتی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ سب لوگ اسے جان لیں۔

(جاری ہے)

جیک ڈورسی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کے لیے بےحد مشکل تھا کیونکہ وہ اپنی سروس، کمپنی اور لوگوں سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔

جیک ڈورسی نے استعفے کی خبر خوشی اور غم کے ملے جلے اظہار کے ساتھ شیئر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے بعد ٹوئٹر کے اگلے سی ای او پرگ اگروال ہوں گے۔ جیک ڈورسی نے اپنے استعفے پر مبنی ای میل سوشل میڈیا پر اپنی ٹیم کو بھیجی تھی جس کے بعد انہوں نے یہ ای میل اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔ ای میل کے اختتام پر جیک ڈورسی کا کہنا تھا کہ ان کی ایک ہی خواہش ہے کہ ٹوئٹر دنیا کی شفاف ترین کمپنی بنے۔