سفارتخانے کا اکاؤنٹ ہیک کیا گیا، سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا وضاحتی بیان

ہفتہ 4 دسمبر 2021 00:08

بلغراد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) سربیا میں پاکستانی سفارت خانے نے اپنے سرکاری اکاؤنٹ کے ہیک ہونے سے متعلق ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتخانے کا اکاؤنٹ ہیک کیا گیا۔پاکستانی سفارت خانے کے مطابق اکاؤنٹ سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ بلغراد میں پاکستانی سفارت خانے کے عملے کو معمول کے مطابق تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں، عملے کے بچوں کے اسکول کی فیسیں ادا نہ ہونے سے متعلق افواہیں من گھڑت ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ سفارتخانے کو اسلام آباد سے معمول کے مطابق فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔بلغراد میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے کا سرکاری اکائونٹ کراچی سے ہیک کیا گیا، ہیکر نے ایک ونڈوز ڈیوائس پر کروم برائوزر کے ذریعے اکائونٹ تک رسائی حاصل کی۔

(جاری ہے)

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاکستانی وقت کے مطابق 10 بجنے میں ایک منٹ پر کی گئی۔ سفارتخانے کے فیس بٴْک اور انسٹاگرام اکائونٹس بھی اسی ڈیوائس کے ذریعے ہیک کیے گئے۔ہیکر نے 11 بجنے میں ایک منٹ پر پہلا پیغام جاری کیا، جو پاکستانی سفارتخانے کے عملے کی جانب سے نہیں تھا، مزید تحقیقات کے لیے پاکستانی اداروں کے ساتھ آئی پی ایڈریس شیئر کردیا گیا ہے۔اکاؤنٹ ہیک کرکے پوسٹ کیے جانیوالے پیغام سے پاکستانی سفارتخانے کا کوئی تعلق نہیں، سفارتخانہ اس کی کوئی ذمہ داری نہیں لیتا۔

متعلقہ عنوان :