بگ بیش: حارث رؤف ایک بار پھر میلبورن سٹارزکے ساتھ نظر آئیں گے

حارث رؤف سیزن کے اختتام تک میلبرن اسٹارز کو دستیاب ہوں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 دسمبر 2021 11:52

بگ بیش: حارث رؤف ایک بار پھر میلبورن سٹارزکے ساتھ نظر آئیں گے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 دسمبر 2021ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف ایک بار پھر بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز کی جانب سے روان سیزن میں کھیلیں گے۔ بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبورن سٹارز نے اعلان کیا ہے کہ رواں سیزن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی ایک بار پھر ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، حارث رؤف نے دو برس قبل میلبورن سٹارز کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا اور خاصی شہرت حاصل کی تھی۔

ان کا لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے میلبورن سٹارز سے معاہدہ ہوا جس کے بعد ان کی قومی ٹیم میں شمولیت کی راہیں ہموار ہوئیں، حارث رئوف اس مرتبہ بگ بیش لیگ میں 27 دسمبر کو برسبین ہیٹ کیخلاف پہلا میچ کھیلیں گے لیکن یہ کووڈ پروٹوکولز سے مشروط ہے۔ حارث رؤف سیزن کے اختتام تک میلبورن سٹارز کو دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

میلبورن سٹارز کے کوچ ڈیوڈ ہسی کا کہنا ہے کہ حارث کے ٹیم کا حصہ بننے کے لیے شدت سے منتظر ہیں، ان کی وجہ سے بولنگ کی انرجی اور کوالٹی میں اضافہ ہوگا۔

‏ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کے مزید کھلاڑیوں کا بی بی ایل کی ٹیموں سے معاہدہ ہونے جا رہا ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد بگ بیش لیگ کو دستیاب ہوں گے۔ لیگ سپنر شاداب خان کی برسبین ہیٹ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے اور فخر زمان سڈنی تھنڈرز کے سکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔