لاہور،نان بائی ایسوسی ایشن کاآٹے کی قیمت میں اضافہ پر روٹی کا نرخ بڑھانے کا فیصلہ

روٹی10 سے 12 ،نان 15 سے 18 روپے کرنے کی تجویز پر غور کیلئے اجلاس آج طلب چکی مالکان نے ایک کلو چکی سے تیار کردہ آٹے کی قیمت میں3روپے اضافہ کر دیا ،85روپے سے بڑھ کر 88روپے ہوگئی

منگل 7 دسمبر 2021 23:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) نان بائی ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ پر روٹی کا نرخ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ، ایسوسی ایشن کا آج بدھ کے روز ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے جس میں روٹی10 سے 12 اورنان 15 سے 18 روپے کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔نان بائی ایسوسی ایشن نے آج بدھ کے روز رحمان پورہ لاہور میں ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے۔

نان بائی ایسوسی ایشن کا کہناتھا کہ آٹے کاتھیلہ 860 سے بڑھ کر 1100 روپے ہو گیا ہے جبکہ آٹا بوری 4800سے 6000 روپے ہو گئی۔

(جاری ہے)

نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ قیمت پر نان روٹی نہیں بیچ سکتے۔آج بدھ کے روز نان بائی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں روٹی10 سے 12 نان 15 سے 18 روپے کرنے کی تجویز زیر غور لائی جائے گی۔صوبائی دارلحکومت میں آٹا چکی مالکان نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت مسلسل 2600روپے کی سطح پر برقرار رہنے کے باعث ایک کلو چکی سے تیار کردہ آٹے کی قیمت میں3روپے اضافہ کر دیا ہے جس سے اس کی قیمت 85روپے سے بڑھ کر 88روپے ہوگئی ۔

آٹا چکی مالکان کی جانب سے جاری کئے جانے والے نئے نرخ نامے کے مطابق چکی سے تیار کردہ آٹے کی نئی قیمت کا اطلاق فوری ہو گیاہے ۔

متعلقہ عنوان :