پاکستان: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد، سکیورٹی سخت

DW ڈی ڈبلیو جمعرات 9 دسمبر 2021 15:40

پاکستان: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد، سکیورٹی سخت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 دسمبر 2021ء) پاکستانی حکام کے مطابق ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف سمیت چھبیس رکنی اسکواڈ جمعرات کی صبح کراچی پہنچا۔ ان کو سخت سکیورٹی کے حصار میں ایئرپورٹ سے ہوٹل منتقل کیا گیا۔

کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئندہ ہفتے تیرہ دسمبر پیر کے روز پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

بائیس دسمبر تک کھیلی جانے والی سیریز کے تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے چند ماہ قبل ہی ننیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں سکیورٹی خطرات کی وجہ سے بغیر کوئی میچ کھیلے واپس لوٹ گئی تھی۔ اس کے نتیجے میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی مرد اور خواتین ٹیموں کا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے کافی زیادہ اہم کھلاڑیوں نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آل راؤنڈر اور کپتان کیرن پولارڈ نے بھی انجری کی وجہ سے اپنا نام واپس لے لیا۔ سابق کپتان جیسن ہولڈر کو بھی آرام دیا گیا ہے۔

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں نِکلاس پوران اور ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں شے ہوپ ٹیم کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم کی کپتانی میں بنگلہ دیش میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ وکٹری حاصل کرنے کے بعد واپس وطن پہنچ گئی ہے۔

ع آ / ا ا (اے ایف پی، س م )