ابوظہبی میں دھماکوں کے بعد حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی

خطرے کے جواب میں باغیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعا پر حملے شروع کر دیے‘ فضائیہ 24 گھنٹے فضائی آپریشن کر رہی ہے‘ شہری اپنی حفاظت کے لیے حوثی ملیشیا کے کیمپوں سے دور رہیں۔ عرب اتحاد کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 جنوری 2022 12:42

ابوظہبی میں دھماکوں کے بعد حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں دھماکوں کے بعد حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی زیرقیادت عرب اتحاد نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے شروع کردیے ہیں ، ابوظہبی پر دہشت گردانہ حملے کے بعد خطرے کے جواب میں باغیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعا کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے شروع کر دیے گئے ہیں ، F-15 حملہ آور طیارے نے باغیوں کے دو بیلسٹک میزائل لانچروں کو تباہ کر دیا جو پیر کے روز استعمال میں تھے ، فضائیہ صنعا میں 24 گھنٹے فضائی آپریشن کر رہی ہے ، شہری اپنی حفاظت کے لیے حوثی ملیشیا کے کیمپوں سے دور رہیں۔

ادھر اپنے ایک بیان میں یمن میں قانونی حیثیت کی بحالی کے لیے اتحاد کے سرکاری ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے متحدہ عرب امارات کی شہری تنصیبات پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کو جنگی جرائم قرار دیا اور کہا کہ اس فعل کے مرتکب افراد کا احتساب کیا جائے گا ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں شہریوں پر دشمنانہ حملوں کے مرتکب افراد کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ، عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ابوظہبی میں تین آئل ٹینکرز میں دھماکہ اور امارات کے نئے ہوائی اڈے کی توسیع کی تعمیراتی جگہ میں آگ ممکنہ طور پر ڈرون حملے کی وجہ سے تھی جس کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کی ہے ، جس سے متعلق چند روز قبل حوثیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی گئی تھی اور اب یمن کی حوثی تحریک کے ترجمان نے کہا کہ اس کے عسکریت پسندوں نے یو اے ای میں ایک فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے اور آنے والے گھنٹوں میں اس کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ہونے والے دھماکوں کے بعد لگنے والی آگ میں پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ، سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے رپورٹ کیا کہ ابوظہبی میں ایندھن کے ٹینکر میں دھماکے سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ، مرنے والوں میں ایک پاکستانی اور 2 ہندوستانی شہری شامل ہیں جب کہ 6 دیگر افراد جو زخمی ہوئے ان کو ہلکے سے درمیانے درجے کے زخم آئے ، دونوں آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور فضائی ٹریفک متاثر نہیں ہوئی۔