دبئی میں خلائی ہیرے کی نمائش،قیمت 50لاکھ برطانوی پائونڈ مقرر

نایاب سیاہ ہیرا شاید لاکھوں سال پہلے زمین سے ٹکرانے والے کسی شہابِ ثاقب کا حصہ تھا،رپورٹ

منگل 18 جنوری 2022 15:16

دبئی میں خلائی ہیرے کی نمائش،قیمت 50لاکھ برطانوی پائونڈ مقرر
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) مشہور برطانوی نیلام گھر سودبیز نے دبئی میں 555.55 قیراط کا ایک سیاہ ہیرا پیش کیا ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ خلا سے زمین پر آیا ہے۔یہ ہیرا جسامت میں خاصا بڑا ہے اور اس کے 55 پہلو ہیں جو اسے اور بھی زیادہ منفرد بناتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق کوئی نہیں جانتا کہ یہ ہیرا کہاں سے آیا ہے لیکن ایک مفروضے کے مطابق یہ لاکھوں سال پہلے زمین سے ٹکرانے والے کسی شہابِ ثاقب کا حصہ رہا ہوگا جو کسی طرح سے محفوظ رہ گیا۔

(جاری ہے)

سیاہ ہیروں کو کاربونیڈو بھی کہا جاتا ہے جو اب تک صرف برازیل اور وسطی افریقہ ہی سے ملے ہیں۔اینگما کو دبئی کے بعد لاس اینجلس میں بھی نمائش کیلیے رکھا جائے گا جبکہ اس کی آخری منزل لندن ہوگی جہاں اسے فروری میں نیلام کیا جائے گا۔سودبیز دبئی میں ہیروں کی ماہر سوفی اسٹیونز کا کہنا تھا کہ پانچ کی تکرار اس ہیرے کیلیے بہت خاص ہے کیونکہ ایک طرف تو یہ 555.55 قیراط وزنی ہے تو دوسری جانب اس کے 55 پہلو بھی ہیں۔شاید اسی بنا پر سودبیز کو امید ہے کہ یہ کم از کم 50 لاکھ برطانوی پائونڈ(تقریبا 120 کروڑ پاکستانی روپی)میں نیلام ہوگا۔اس ہیرے کی نیلامی کے عوض سودبیز نے کرپٹو کرنسی بھی قبول کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :