اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس میں نامزد وکلا پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 21 مئی 2022 00:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملے کے کیس میں نامزد وکلا پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس کی سماعت کی جس دوران مقدمے میں نامزد 28 سے زائد وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ مقدمے میں نامزد وکلا پر 30 مئی کو فرد جرم عائد کی جائیگی لہٰذا تمام نامزد ملزمان آئندہ سماعت پرحاضری یقینی بنائیں،انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس میں نامزد ملزمان کے وکلا کی استدعا پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں بھی تقسیم کردیں۔

واضح رہے کہ 8 فروری2021 کو وکلا نے ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بلاک پرحملہ کیا تھا جس کے بعد پولیس نے دہشتگردی کی دفعات کے تحت30 سے زائد وکلا کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔