متحدہ عرب امارات میں یکم جون سے ابوظہبی میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد

اتوار 22 مئی 2022 09:10

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) متحدہ عرب امارات میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی کے بعد ان کی جگہ ماحول دوست شاپنگ بیگ نصف درہم سے تین درہم تک میں مہیا ہوں گے۔ عرب ذرائع ابلاغ نے ابوظہبی محکمہ ماحولیات کے حوالے سے بتایا کہ یکم جون پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی کے بعد ان کی جگہ ماحول دوست شاپنگ بیگ نصف درہم سے تین درہم جبکہ دیگر شاپنگ بیگ کی قیمت سائز کے لحاظ سے وصول کی جائیگی۔

یکم جون سے پلاسٹک بیگ کی بندش ابوظہبی محکمہ ماحولیات کا فیصلہ ہے۔دوسری طرف دبئی کی بلدیاتی کونسل نے شاپنگ سینٹرز میں پلاسٹک بیگز پر 25 فلس فیس مقرر کی ہے، یکم جولائی سے اس پرعمل درآمد شروع ہوگا اور پلاسٹک بیگز کا استعمال آئندہ دو برس کے دوران مکمل طور پر بند کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بلدیاتی کونسل نے بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام شاپنگ سینٹرز پلاسٹک بیگ پر فیس وصول کریں۔

پلاسٹک بیگ کے متبادل شاپنگ سینٹرزمیں مہیا ہوں اوران کی قیمتیں متعین کی جائے۔بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ ہر قسم کے ڈسپوزیبل شاپنگ بیگز پر یکم جولائی سے 25 فلس فیس وصول کی جائے گی۔ ان میں 57 مائیکرو میٹر سے کم حجم والے کاغذ یا گتے کے بیگز شامل ہیں۔ شاپنگ سینٹرز یکم جولائی سے متبادل بیگ فراہم کرنے کے پابند نہیں ہوں گے۔