شان مسعود کو اسلئے قومی ٹیم میں سلیکٹ کیا جائیگا ناکہ وہ کائونٹی میں مزید سنچریاں نہ سکور کرپائیں: راشد لطیف

32 سالہ اوپنر رواں کاونٹی سیزن میں دو ڈبل سنچریاں سمیت 3 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں اور کاونٹی چیمپئن شپ میں 844 رنز بنا کر ٹاپ سکورر ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 22 مئی 2022 11:24

شان مسعود کو اسلئے قومی ٹیم میں سلیکٹ کیا جائیگا ناکہ وہ کائونٹی میں ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مئی 2022ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ اوپنر شان مسعود کو اس لیے قومی ٹیم میں سلیکٹ کیا جائے گا ناکہ وہ کائونٹی میں مزید سنچریاں نہ سکور کرپائیں۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں راشد لطیف نے لکھا کہ ’’شان مسعود کو اس لئے سلیکٹ کیا جائے گا ناکہ وہ کاونٹی میں مزید سنچریاں نا کر سکیں ‘‘۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان 23 مئی کو کیے جانے کا امکان ہے ۔ 32 سالہ شان مسعود رواں کاونٹی سیزن میں دو ڈبل سنچریاں سمیت 3 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں اور وہ کاونٹی چیمپئن شپ میں 844 رنز بنا کر ٹاپ سکورر ہیں۔ انہیں مئی کے اختتام تک ایک ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 156 رنز درکار ہیں اور ان کی ایک اننگز باقی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ڈربی شائر کی جانب سے پہلا موقع تھا کہ ان کے کسی بیٹر نے مسلسل دو میچوں مین ڈبل سنچری بنائی ہے، 32 سالہ قومی کرکٹر نے لیسٹر شائر کے خلاف 219 رنز کی اننگز کھیلی تھی، ان کی اننگز میں 24 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ شان مسعود بھی ایک انٹرویو میں کہ چکے ہیں کہ وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے اوپننگ پوزیشن کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔

برطانوی ویب سائٹ ’’پاک پیشن‘‘ کو انٹرویو میں بیٹنگ آرڈر کے حوالے سے سوال پر 32 سالہ شان مسعود نے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں اوپنر کے طور پر کھیل چکا، مکی آرتھر جب ہمارے ہیڈ کوچ تھے تب میں نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرے نمبر پر بھی بیٹنگ کی تھی، میں کسی بھی ایک مخصوص پوزیشن پر کھیلنے کا قائل نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اگر پلیئر کو مناسب مواقع ملیں تو وہ اپنی ٹیم کیلئے کوئی بھی ذمہ داری انجام دے سکتا ہے۔ بیٹر نے کہا کہ اگر مجھے دوبارہ سے پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا تو میں اسے اپنے لیے اعزاز سمجھوں گا ، بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے کوئی بھی شکوہ کبھی سامنے نہیں آئے گا۔