خوشدل شاہ کے چھکوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا

سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے ہاتھوں شکست

muhammad ali محمد علی جمعرات 9 جون 2022 00:43

خوشدل شاہ کے چھکوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جون 2022ء ) خوشدل شاہ کے چھکوں نے میچ پانسہ پلٹ دیا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے ہاتھوں شکست۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے فتح حاصل کر لی۔ پاکستانی بلے بازوں نے 300 سے زائد رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، آخری اوورز میں خوشدل شاہ کی دھواں دار بلے بازی نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

جبکہ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے سینچری، جبکہ امام الحق اور محمد رضوان کی جانب سے نصف سینچریاں اسکور کی گئیں۔ نے اس سے قبل تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو کامیابی کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا ۔

(جاری ہے)

305 رنز کی بڑی اننگ میں ویسٹ انڈین اوپنر شائے ہوپ کے 127 رنز بھی شامل رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، شاہین آفریدی نے 2 جب کہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان نکولس پوران نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز چیلنجنگ ہوگی، سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ اس موقع پر کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتا تو بالنگ کا ہی فیصلہ کرتا تاہم آج کے میچ میں محمد حارث ون ڈے ڈیبیو کررہے ہیں۔

قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، محمد حارث، خوشدل شاہ، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز ٹیم میں کپتان نکولس پوران، شے ہوپ، کائل مائیر، شَمارا بروکس، برینڈن کنگ، رومین پاول، روماریو شیفرڈ، الزاری جوزف، عقیل حسین، جیڈن سیلز اور ہیڈن واش شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔