اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا امریکی ریاست ٹیکساس میں درجنوں غیر قانونی تارکین وطن کی موت پراظہار تشویش

بدھ 29 جون 2022 10:40

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک ٹرک میں درجنوں غیر قانونی تارکین وطن کی موت پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے پریس آفس نے جاری بیان میں کہاکہ ہمیں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک ٹرک میں درجنوں تارکین وطن کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا ہے ۔

امریکا اور میکسیکو کے حکام اس واقعہ کی تحقیقات کروارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس واقعہ نے ایک بار پھر خطے میں محفوظ، منظم اور باقاعدہ نقل مکانی کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت کو اجاگر کردیا ہے ۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے زور دیا کہ اس سلسلے میں تمام فریقین کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہےتاکہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا سکے۔ واضح رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں گزشتہ روز ٹرک سے 50 غیر قانونی تارکین وطن کی نعشیں برآمد ہوئیں جن کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ٹرک سے برآمد کی گئی نعشوں میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق میکسیکو اور وسطی امریکا سے تھا۔