ہالینڈ سفیر کی کمشنر لاہور ڈویژن وڈی جی سپورٹس پنجاب سے ملاقات، ہاکی کے فروغ بارے تبادلہ خیال

بدھ 6 جولائی 2022 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2022ء) ہالینڈ کے سفیر مسٹر وٹر پلومپ نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم وسپورٹس بورڈ پنجاب کی ای لائبریری کا دورہ کیا ،انہوں نے کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن (ر)محمد عثمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سے ملاقات کی اور ہاکی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ، اولمپیئن خواجہ جنید،توقیر ڈار،ہاکی آرگنائزر جنید چٹھہ،ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر،ڈائریکٹریوتھ افیئرز عمیر حسن اور بلال اکرم بھی موجود تھے، مسٹر وٹر پلومپ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے دورے کے دوران خواجہ جنید سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی اکیڈمی کے پریکٹس کرنیوالے کھلاڑیوں کے ساتھ ہاکی بھی کھیلی، کھلاڑیوں کی کے ٹیلنٹ اور کھیل کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمشنر لاہور اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انڈر 13لاہور ڈویژن ہاکی لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی،انہوں نے کہا کہ ہاکی کے سیٹ اپ سے متاثر ہوا ہوں، کھلاڑیوں کو اچھی تربیت دی جارہی ہے،خواجہ جنید اورسپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی اکیڈمی ہاکی کے فروغ کے بہترین کام کررہی ہے، ان کا مزیدکہنا تھا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آکر بہت خوشی ہوئی ہے ، ہالینڈ نے 1990ء کا ہاکی ورلڈ کپ اسی سٹیڈیم میں جیتا تھا،آخرمیں کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی سپورٹس پنجاب نے وٹر پلومپ کو سوینیئرز پیش کئے۔