متحدہ عرب امارات اور مصر کا منی لانڈرنگ کی روک تھام پر تبادلہ خیال

جمعہ 5 اگست 2022 09:00

متحدہ عرب امارات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2022ء) متحدہ عرب امارات اور مصر کے حکام نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک نے ایک اجلاس میں تبادلہ خیال کیا ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ادارہ برائے انسداد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کے ایگزیکٹو آفس کے ڈائریکٹر جنرل حامد الزابی نے مصر میں انسداد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کرنے والے یونٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین احمد خلیل اور اس کے علاقائی نمائندہ جج حاتم علی سے خلیج میں انسداد منشیات و جرائم کے اقوام متحدہ کے دفتر میں ملاقات کی۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے مالی جرائم سے نمٹنے کے لیے ایک موثر نظام اور نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے لیے اٹھائے جانے والے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

مصر کے وفد کی جانب سے قومی نظام کو آگے بڑھانے کے طریقوں اور مصر کی طرف سے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔حامد الزابی نے کہا ہے کہ ایگزیکٹو آفس میں ہونے والے اجلاس میں شامل ممالک کے ساتھ انسداد منی لانڈرنگ کے مسئلہ پر مسلسل بات چیت ہمارے قومی ایجنڈے کی ترجیحات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی تعاون کے ساتھ ہر قسم کے مالی جرائم کے خاتمے سے متعلق معلومات کا تبادلہ ہماری کوششوں کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مصر کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت کے حوالے سے مضبوط پارٹنرہیں اور ہم اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ موثر تعاون کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس متحدہ عرب امارات اور مصر کے سٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے اور اسے عرب ممالک کے لیے ایک ماڈل کے طور پر اجاگر کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔