پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کیلئے روٹری کینال پارک سنٹر میں تقریب کا انعقاد

ہفتہ 6 اگست 2022 18:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2022ء) روٹری کینال پارک سنٹر میں پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ روٹری کلب سرگودھا کے صدر فیصل رزاق خواجہ نے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے اسلاف کی بے پناہ قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

میجر میمونہ حسن عثمانی (لیڈی آفیسرای ایم ای پاک آرمی) اس اجلاس کی مہمان ِمقرر تھیں۔ اس موقع پر میجرمیمونہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری نفرت انگیز مہم کو دیکھتے ہوئے بانی بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ درست ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر پاکستانی سے مطالبہ کرتی ہیں کہ وہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں، ہمیں قوم کو درپیش سماجی، اقتصادی اور سیکورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

زی بیگز کی بانی زیمل عمر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ آج دنیا بڑے ماحولیاتی مسائل کا شکار ہے۔ گلوبل وارمنگ مسائل میں سے ایک بن چکی ہے۔ ان مسائل کا حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اگست میں رجحان کو بدلیں اور پودے لگانا شروع کریں۔ کیونکہ درخت لگانا ہی دھرتی اور اپنے پیارے وطن کو بچانے کا حل ہے۔ سیکرٹری قمر الحسن عثمانی نے مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ ہشام اللہ خان، مختار مرزا، روبینہ مختار، سعد اللہ ملک، بلال رزاق، امیر شاہ، مرزا فضل الرحمان، یاسر اللہ خان، شاکر نوید، رانا عبداللہ، اسلم وہرہ اور محمد ابراہیم نے بھی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔