روضہ رسول ﷺ میں خواتین کے لیے زیارت اور نماز کا وقت مقرر

خواتین کو ریاض الجنہ میں دن اور رات میں مخصوص وقت میں زیارت و نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 اکتوبر 2022 13:47

روضہ رسول ﷺ میں خواتین کے لیے زیارت اور نماز کا وقت مقرر
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 اکتوبر 2022ء ) مسجد نبوی شریف ﷺ کی انتظامیہ نے ریاض الجنہ میں خواتین کے لیے زیارت اور نماز کی ادائیگی کا وقت مقرر کر دیا۔ سعودی پریس ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ انتظامیہ نے خواتین زائرین کے لیے ریاض الجنہ میں نماز اور زیارت کا شیڈول ترتیب دیا ہے، جس کے تحت خواتین کو دن اور رات میں زیارت و نماز کی ادائیگی کی اجازت ہوگی، خواتین کے لیے روضہ رسول ﷺ ریاض الجنہ میں زیارت اور نماز کے 2 وقت مقرر کیے گئے ہیں۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ خواتین صبح 6 بجے سے دن 11 بجے تک اور رات ساڑھے 9 بجے سے 12 بجے تک ریاض الجنہ میں زیارت اور نماز ادا کر سکتی ہیں، جمعہ کے روز مقررہ وقت میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب جمعہ کو صبح 6 بجے سے 9 بجے اور رات ساڑھے 9 بجے سے 12 بجے تک خواتین کو ریاض الجنہ میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

(جاری ہے)

ادھر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے مملکت کے اندر سے عمرہ ادا کرنے والوں اور دنیا کے تمام ممالک سے آنے والوں سے کہا ہے کہ وہ نسک ایپلی کیشن سے استفادہ کریں جس نے اعتمرنا ایپلی کیشن کی جگہ لے لی ہے، اپ ڈیٹ کا اعلان وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی جانب سے دنیا کے تمام ممالک سے عمرہ کرنے والوں کی آمد کو آسان بنانے اور وزٹ اور عمرہ ویزوں کے اجراء کے طریقہ کار کو الیکٹرانک طریقے سے آسان بنانے کے لیے ’نسک‘ ایپ کا آغاز کرنے کے بعد کیا گیا۔

اس کے علاوہ یہ سعودی ویژن 2030ء کے اہداف کے حصے کے طور پر مہمانوں کے استقبال کے لیے سعودی عرب میں مذہبی اور تاریخی مقامات کی تیاری کے ذریعے عمرہ کرنے والوں کے مذہبی اور ثقافتی تجربے کو بھی تقویت دے گا، اعتمرنا Etamarna ایپلی کیشن نے اپنے آغاز کے بعد سے کئی نمبرز حاصل کیے ہیں، جیسے کہ 21.5 ملین سے زائد زائرین اور عمرہ کرنے والوں کی رجسٹریشن، عمرہ کرنے کے لیے 34.4 سے زیادہ اجازت نامے جاری کرنا، مسجد نبوی میں الروضہ الشریفہ میں نماز ادا کرنے کے لیے 6.4 ملین اجازت نامے جاری کرنا جب کہ درخواست پر اندراج کرنے والی قومیتوں کی تعداد 213 تک پہنچ گئی۔