ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، زمبابوے کا پاکستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف

وسیم جونیئر کی عمدہ باولنگ، 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان کے 3 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 اکتوبر 2022 17:39

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، زمبابوے کا پاکستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف
پرتھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 اکتوبر 2022ء ) ٹی 20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے 12ویں میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دیا ہے۔ زمبابوے کی جانب سے کریگ اروائن اور ویسلے مدھیویر نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا، ویسلے مدھیویر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اروائن نے 19 رنز کی اننگز کھیلی، ملٹن شمبا کو 8 کے انفرادی اسکور پر شاداب خان نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا، پھر 14 ہویں اوور میں شاداب خان نے پہلے سین ولیمز کو 31 رنز پر بولڈ کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر ریگس چکا بوا کو بھی اگلی ہی گیند پر سلپ میں بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

اگلے اوور میں محمد وسیم جونیئر نے سکندر رضا کو 9 رنز پر پویلین بھیج دیا اور پھر اگلی ہی گیند پر لیوک جونگوے کو بھی بولڈ کر دیا۔

(جاری ہے)

وسیم جونیئر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 24 رنز دیے اور 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف نے 4 اوورز میں صرف 12 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔شاداب خان نے 4 اوورز میں 23 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔ اس موقع پر کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ ہی کرنا چاہتے تھے تا کہ ابتدا میں بالرز سوئنگ سے فائدہ اٹھا سکیں۔ دوسری جانب قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے آصف علی کی جگہ محمد وسیم جونئیر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

قبل ازیں پاکستان کو ٹی20 ورلڈکپ کے اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 4 وکٹوں کی ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا، قومی ٹیم کو اگر ٹاپ 4 ٹیموں میں جگہ بنانے کیلئے زمبابوے کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔ پاکستان کا سکواڈ کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، حیدر علی، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونئیر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے جب کہ زمبابوے کا سکواڈ کپتان کریگ ایرون، ویسلی مدھویرے، ملٹن شمبا، شان ولیمز، سکندر رضا، ریگیس چکابوا، ریان برل، لیوک جونگوے، بریڈ ایونز، رچرڈ اینگاروا اور بلیسنگ مزاربانی پر مشتمل ہے ۔ 

متعلقہ عنوان :