سپورٹس بورڈ پنجاب نے 29 سپورٹس ایسوسی ایشنز کو سالانہ گرانٹ کے ضمن میں دو کروڑ 36لاکھ روپے دیدیئے

ہفتہ 19 نومبر 2022 17:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2022ء) سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب کی 29 سپورٹس ایسوسی ایشنز کو سالانہ گرانٹ کے ضمن میں دو کروڑ 36لاکھ روپے دیدیئے۔اس حوالے سے پروقار تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز میں سالانہ گرانٹ کے چیک تقسیم کئے، اس موقع پر وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب ندیم عباس بارا،صدر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن و کمشنر لاہور محمد عامر جان، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی،سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا، سابق فاسٹ باؤلر و ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، عرفان اللہ، ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، بیس بال فیڈریشن کے صدر فخر شاہ، ریسلنگ فیڈریشن کیسیکرٹری ارشد ستار، اور دیگر سپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہدیدران بھی موجود تھے، گرانٹ مالی سال 2021-22 دینے کی منظوری سپورٹس بورڈ پنجاب کے بورڈ نے دی ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کہا ہے کہ یہ تاریخی موقع ہے کہ پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کا گرانٹ دینے کا مطالبہ آج پورا کردیا ہے، پنجاب میں سپورٹس کے فروغ میں سپورٹس ایسوسی ایشنز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پنجاب کی سپورٹس کی ترویج کے لئے سپورٹس ایسوسی ایشنز جن کی سپورٹس بورڈ پنجاب کیساتھ ایسوسی ایشن ہے ان کو گرانٹ دی ہے، اب ایسوسی ایشنز کا فرض ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ سپورٹس ایونٹس کرائیں، کھلاڑی تیار کریں اور ڈیلیور کریں، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے اعلان کیا کہ اب یہ گرانٹ ہر سال سپورٹس ایسوسی ایشنز کو دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کام میں بہت محنت کی اور اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے،صدر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن و کمشنر لاہور محمد عامر جان نے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کی سپورٹس تنظیموں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے کیونکہ فنڈز کے بغیر سپورٹس کرنا یا کرانا ناممکن ہے، گرانٹ ملنے سے سپورٹس کے میدان میں ترقی ہوگی،زیادہ سے زیادہ سپورٹس ہوگی تو ہی گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا، گرانٹ ملنے سے پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہونگے۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اس موقع پرکہا ہے کہ سپورٹس کا فروغ ہماری اولین ترجیع ہے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحتیں دکھانے کے بہتر مواقع میسر کئے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب پہلے بھی سپورٹس فیڈریشن اور ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایونٹس منعقد کراتا رہا ہے پنجاب ایسوسی ایشنز کو گرانٹ دینا بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے تاکہ سپورٹس کی ترقی ہو۔

پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کو ملنے والی گرانٹ کی تفصیل درج ذیل ہے، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کو 30 لاکھ، پنجاب اتھلیٹک ایسوسی ایشن، پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن، پنجاب ماڈرن پینٹاتھلون ایسوسی ایشن، پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن، پنجاب ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن، پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن، پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن، پنجاب بیڈ منٹن ایسوسی ایشن، پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کو دس، دس لاکھ روپے، پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن، پنجاب باسکٹ بال ایسوسی ایشن، پنجاب گالف ایسوسی ایشن، پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن، پنجاب رگبی ایسوسی ایشن، پنجاب ٹچ بال ایسوسی ایشن، پنجاب ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن، پنجاب شوٹنگ ایسوسی ایشن، پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن کو 7،7لاکھ روپے، پنجاب پیرا اولمپک ایسوسی ایشن، پنجاب آرچری ایسوسی ایشن، پنجاب جمناسٹک ایسوسی ایشن، پنجاب ہینڈ بال ایسوسی ایشن، پنجاب جوڈو ایسوسی ایشن، پنجاب کراٹے ایسوسی ایشن، پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن، پنجاب رولر سپورٹس ایسوسی ایشن، پنجاب تائیکوانڈو ایسوسی ایشن، پنجاب ووشو ایسوسی ایشن کو پانچ، پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔