کماد کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت نمائشی پلاٹ لگانے کافیصلہ، درخواستیں طلب

بدھ 23 نومبر 2022 14:48

کماد کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت نمائشی پلاٹ لگانے کافیصلہ، ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2022ء) حکومت کے زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت کماد کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت نمائشی پلاٹ لگانے کافیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ،سرگودھا،بھکر، منڈی بہاؤالدین،قصور مظفر گڑھ،لیہ،راجن پور،بہاولپور اور رحیم یار خان سمیت 13اضلاع کے کاشتکاروں سے 4جنوری تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدام کے تحت یہ نمائشی پلاٹ23۔2022میں لگائے جائیں گے۔نمائشی پلاٹ لگانے کیلئے 5سے 25ایکڑ تک قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک کاشتکار مرد و خواتین درخواستیں دینے کے اہل ہیں جنہیں حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کیلئے اخراجات کی مد میں 30ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے اور کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کرے گا۔

(جاری ہے)

نمائشی پلاٹ کیلئے درخواست فارم متعلقہ ضلع و تحصیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا زراعت آفیسر محکمہ زراعت توسیع کے دفتر سے مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں،یہ فارم محکمہ کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔تمام درخواستیں تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں وصول کی جائیں گی اور جانچ پڑتال کے بعد درخواستیں زیادہ ہونے کی صورت میں اس کی قرعہ اندازی ضلعی سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں ہوگی۔

مقررہ تاریخ کے بعد کماد کا نمائشی پلاٹ لگانے کیلئے کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی،مزید معلومات یا رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن نمبر17000۔0800پر صبح 9تاشام 5بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔