نامزد سیکریٹری خارجہ اسد مجید عہدہ سنبھالنے کیلئے پاکستان روانہ

ڈاکٹر اسد مجید خان کو چند روز قبل ہی حکومت پاکستان نے نیا سیکٹری خارجہ مقرر کیا تھا

اتوار 4 دسمبر 2022 21:00

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2022ء) پاکستان کے نئے نامزد سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اپنا عہدہ سنبھالنے کیلئے یورپین دارالحکومت برسلز سے پاکستان روانہ ہوگئے۔ڈاکٹر اسد مجید خان کو چند روز قبل ہی حکومت پاکستان نے نیا سیکٹری خارجہ مقرر کیا تھا،ان کی مستقل تقرری سے قبل اس عہدے پر ایک اور سینئر افسر جوہر سلیم قائم مقام سیکٹری خارجہ کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

ڈاکٹر اسد مجید خان اپنی نئی تعیناتی سے قبل یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔انہوں نے کچھ ہی عرصے میں یورپین یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو آگے بڑھانے میں بھر پور کردار ادا کیا۔انہوں نے راویتی طرز سفارت کو اختیار کرنے کی بجائے یورپی یونین کے ان مختلف دیگر اداروں کے دروازوں پر بھی دستک دی، جنہیں ہمارے ہاں کم اہمیت کا حامل سمجھا جاتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انہوں نے بینیلکس ممالک میں شامل لکسمبرگ کی فائنانشل اور ٹیکنالوجیکل اہمیت کو سمجھا اور اس کے ساتھ باقاعدہ سیاسی روابط کو آگے بڑھانے کیلیے پیش قدمی کی۔اسی وجہ سے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان منعقد ہونے والے پولیٹیکل ڈائیلاگ کے دوران انہوں نے قائم مقام سیکٹری خارجہ جوہر سلیم کا لکسمبرگ کیلئے باقاعدہ پروگرام ترتیب دیا،ان کی اس تقرری کے بعد امید ہے کہ وہ پاک یورپ تعلقات میں اس گہرائی کو حاصل کرنے کی بھر پور جدوجہد کریں گے، جس کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔اس کے ساتھ ہی ان کی نئی تقرری پر بیلجیئم میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے انتہائی نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔