ٹیوٹا کوانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں نئے کورسز متعارف کرانے چاہیے ،صدر بورڈ آف مینجمنٹ ٹیوٹا

بدھ 14 دسمبر 2022 17:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2022ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کو جرمن ادارے جی آئی زیڈ کے تعاون سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ایسے نئے کورسز متعارف کرانے چاہئیں جن کے ذریعے ہم 5ڈالر فی گھنٹہ کی بجائے 500ڈالر فی گھنٹہ کمانے والی افرادی قوت تیار کر سکیں۔ یہ بات ٹیوٹا فیصل آباد اور چنیوٹ کے بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر انجینئر عاصم منیر نے بدھ کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر اس وقت تیزی سے ترقی کر رہا ہے لہٰذاعالمی سطح پر مختلف شعبوں میں جہاں پرانے ٹریڈز اور سیکٹرز میں افرادی قوت کی طلب کم ہو رہی ہے وہیں ایک اندازے کے مطابق صرف آئی ٹی کے شعبہ میں 144ملین نئی نوکریا ں پیداہوں گی اس لئے ہمیں ان شعبوں پر فوکس کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اس وقت بھی آئی ٹی کے ماہرین پیدا کر رہا ہے لیکن وہ ایسے شعبوں میں تیار کئے جا رہے ہیں جہاں ان کی کمائی بہت محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلوئڈ، مصنوعی ذہانت اور ہیومن نائڈ کے شعبہ میں ماہرین تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ 5ڈالر فی گھنٹہ کی بجائے 500ڈالر فی گھنٹہ کما سکیں۔ انہوں نے ٹیوٹا کے لئے نئے کورسز ڈیزائن کرنے کے سلسلہ میں ٹیوٹا کے چیئرمین ممنون جعفر تارڑ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ٹیوٹا کے بورڈ آف مینجمنٹ میں نجی شعبہ کے ماہرین کو شامل کرنے سے نہ صرف متعلقہ سیکٹر کو ہنر مند افرادی قوت مل رہی ہے بلکہ ٹیوٹا کے انسٹیٹیوٹس سے فارغ التحصیل ہونے والوں کو فوری روزگار بھی مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے ہر سیکھنے والے طلبہ کو فوری روزگار کی فراہمی کیلئے چیئرمین ممنون جعفر تارڑ نے حال میں ہی یونی لیور اور ایم زیڈ موٹرز سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں جس سے یہ ادارے ٹیوٹا کے فارغ التحصیل طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار مہیا کریں گے۔ انجینئر عاصم منیر نے بتایا کہ فیڈمک کی وجہ سے فیصل آباد میں بڑی تعداد میں ہائی ٹیک ادارے قائم ہو رہے ہیں جن کی افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ٹیوٹا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیز رفتار ترقی کی وجہ سے آج کے ہنر آئندہ سال ختم ہو سکتے ہیں اور اُن کی جگہ نئے ہنر آسکتے ہیں اسلئے ہمیں وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق کورسوں کا مسلسل جائزہ لینا ہوگا تاکہ پرانے کورس ختم کرکے نئے کورس بروقت متعارف کر ائے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ 22دسمبر کو گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سمن آباد میں جاب فیئر لگایا جا رہا ہے جس میں ملک کے سرکردہ صنعتی، تجارتی اور کاروباری ادارے اپنے سٹال لگائیں گے اور ہونہار طلبہ کو موقع پر ہی ملازمت کی پیشکش کی جائے گی۔

انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کی پلیسمنٹ کیلئے ٹیوٹا کے پورٹل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اِس کے ذریعے بھی صنعتکاروں کو اُن کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت جبکہ طلبہ کو اُن کے ہنر سے مطابقت رکھنے والے اداروں میں نوکریاں مل رہی ہیں۔