وزیراعلی پنجاب نے لمپی سکن کی ممکنہ لہر سے بچائو کیلئے ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا

جمعرات 19 جنوری 2023 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2023ء) وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے لمپی سکن کی دوسری ممکنہ لہر سے بچائو کیلئے ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا۔ وزیراعلی نے مہم میں استعمال ہونے والی لمپی سکن ویکسی نیشن کا معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلی کو لمپی سکن ویکسی نیشن مہم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے لمپی سکن ویکسی نیشن کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی گرانٹ فراہم کی ہے اور لمپی سکن کے موثر کنٹرول کیلئے وسیع پیمانے پر60 لاکھ ڈوزز مہیا کی ہیں۔

ویکسین لائیوسٹاک فارمرز کے گھر جاکر مویشیوں کو مفت لگائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نے دوسرے صوبوں کی نسبت ویکسین کم نرخ پر خریدی ہے۔صوبے میں اڑھائی کروڑ سے زائد مویشی اور 2کروڑ84لاکھ سے زیادہ بھینسیں ہیں۔

(جاری ہے)

لائیوسٹاک ہمارے نیشنل جی ڈی پی میں 14.1فیصد اور ایگریکلچر میں 63فیصد ہے۔ پنجاب کے دیہات میں 37 فیصد آمدن لائیوسٹاک سے حاصل کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کے فوائد سے دیہات میں فارمرز کو آگہی کی ضرورت ہے۔ لمپی سکن سمیت متعدد وائرس مویشیوں کی بیماری کا سبب بنتے ہیں۔ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب بھر میں مختلف بیماریوں کی ویکسین کی200ملین ڈوزز مفت فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ لمپی سکن کے موثر سدباب کے لئے لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے بہترین پلاننگ کی ہے اور لمپی سکن کے موثر کنٹرول کیلئے موبائل ایپ (اے ڈی آر ایس انفو)تشکیل دی اور دستیاب وسائل سے ویکسی نیشن شروع کی گئی ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ توقع ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک کی فیلڈ ٹیمیں اس بیمار ی کے خاتمے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔سردار شہاب الدین،سردار آصف نکئی،حافظ عمار یاسر،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی جی ایم سکندر،سیکرٹری لائیوسٹاک، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔