ایپکا کا وفاقی حکومت کی طرف سے موجودہ تنخواہوں سے 10 فیصد کٹوتی کے اعلان کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کیلئے ملک کو کنگال کردیا،اب سارا ملبہ سرکاری ملازمین پر گرا دیا جو ظلم کے مترادف ہے، رہنمائوں کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 جنوری 2023 18:40

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2023ء) ایپکا نے وفاقی حکومت کی طرف سے موجودہ تنخواہوں سے 10 فیصد کٹوتی کے اعلان کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مرکزی سیکرٹری جنرل ایپکا پاکستان اورنگزیب کشمیری ،مرکزی نائب صدر غلام سرور اور صدر ایپکا انعام اللہ نے پبی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی موجودہ تنخواہ میں 10 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کر کے ملازمین کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں معاشی عدم استحکام کی وجہ سے سرکاری ملازمین کو قربانی کا بکرا بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کیلئے ملک کو کنگال کردیا،اب اس کا سارا ملبہ سرکاری ملازمین پر گرا دیا جو ظلم کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کے اس دور میںملازمین کی تنخواہ سے 10 فیصد کٹوتی کی تو ملک بھر کے سرکاری ملازمین سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاج کرینگے۔