سعودی عرب ،ایس ٹی سی کا رواں سال تیزرفتار سیٹلائٹ انٹرنیٹ متعارف کرانے پر غور

منگل 7 فروری 2023 10:00

سعودی  عرب ،ایس ٹی سی کا  رواں سال تیزرفتار سیٹلائٹ انٹرنیٹ متعارف کرانے ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2023ء) سعودی عرب کی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی (ایس ٹی سی) رواں سال تیزرفتار سیٹلائٹ انٹرنیٹ متعارف کرانے پر غور کررہی ہے اور یہ سہولت ملک کے تمام علاقوں تک پہنچائی جائے گی۔عرب نیوز نے ایس ٹی سی کے جنرل منیجربزنس ڈویلپمنٹ سعدالربیعہ کے حوالے سے بتایا کہ کمپنی پہلے ہی نیوم کے مجوزہ میگاسٹی میں اس ٹیکنالوجی کا تجربہ کرچکی ہے۔

الربیعہ نے ریاض میں منعقدہ لیپ کانفرنس کے موقع پرکہا کہ ہم 2023 میں بڑے پیمانے پر آگے بڑھنے پر غور کر رہے ہیں۔انھوں نے وضاحت کی کہ ایس ٹی سی سٹارلنک کے مقابلے میں زیادہ رفتار کے ساتھ استعمال کی منصوبہ بندی کر رہی ہے،منصوبے کا مقصد ملک کے تمام علاقوں میں تیزرفتارانٹرنیٹ مہیّاکرنا ہے، پہلے ہی تقریباً 90 فیصد آبادی کی انٹرنیٹ تک رسائی ہے۔

(جاری ہے)

الربیعہ کے مطابق انٹرنیٹ تک بہتر رسائی دیہی علاقوں میں لوگوں کی زندگی کو بہتر بنائے گی جس سے وہ دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ بات چیت اورتعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کی بہترسہولیات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ایس ٹی سی جن دیگر اقدامات پر کام کررہی ہےان میں سمارٹ شہری پروگرام بھی شامل ہے،یہ ٹریفک کے بہاؤکو ٹریک کرتا ہے،حکام کو ٹریفک کو دوبارہ روٹ کرنے کے لیے ضروری معلومات فراہم کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ٹی سی کے زیراستعمال ڈرون ٹیکنالوجی ملک کے وسیع صحرا میں معدنیات کی کان کنی کے لیے ممکنہ مقامات کی تلاش میں مددفراہم کر رہی ہے۔ اس کے مصنوعی ذہانت سے لیس کیمرے اور ریموٹ کنٹرول کرینیں الدمام بندرگاہ پرجہازوں کواتار رہی ہیں۔الربیعہ نے کہا کہ اس عمل کی خودکاری اسے زیادہ مؤثربناتی ہے اور کسی بھی ممکنہ حادثے کو کم کرتی ہے۔