سعودی عرب کا روزگار کے متلاشیوں کیلئے اہم منصوبہ

ملازمت کی پیشکش کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور مواقع تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے پلیٹ فارم لانچ کردیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 مئی 2023 14:17

سعودی عرب کا روزگار کے متلاشیوں کیلئے اہم منصوبہ
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 مئی 2023ء ) سعودی عرب نے یونیفائیڈ نیشنل پلیٹ فارم فار ایمپلائمنٹ (جدارات) کے آزمائشی ورژن کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا، جس میں مملکت کے نجی شعبے کے اداروں کیلئے روزگار کی راہ میں نئی اوراپ ڈیٹ سروسز شامل کی گئی ہیں، جن سے ملازمت کی پیشکش کے طریقہ کار کو بہتر بنانا اور روزگار کے متلاشیوں کی ملازمت کے مواقع تک رسائی کو آسان بنادیا گیا۔

العربیہ نیوز کے مطابق ہیومن ریسورسزڈویلپمنٹ فنڈ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پلیٹ فارم کے نئے ورژن کے اطلاق سے نجی شعبے کے اداروں کو متعارف کرانے کے لیے پروفائلز بنانے میں مدد ملے گی، اس سے ملازمت کے لیے اشتہارات کی فہرست شائع کرنے میں آسانی ہوگی جب کہ ملازمت کے خواہشمندوں کے لیے اس پلیٹ فارم سے ناصرف اپنی درخواستیں جمع کرواسکیں گے بلکہ ملازمت کے انٹرویوز کا شیڈول بنانا بھی آسان ہوگیا، جس کا مطلب ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ملازمت کی تمام سرگرمیاں مکمل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ موجودہ مرحلے کے دوران پرائیویٹ سیکٹر میں آجروں کا ڈیٹا قومی لیبر پورٹل ’طاقات‘ سے ’جدارات‘ پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ اس پلیٹ فارم پر فراہم کی جانے والی روزگار کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے ہدف کا حصول ممکن بنایا جائے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ جدارات پلیٹ فارم کا پہلا مرحلہ اکتوبر 2022ء میں شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد سے یہ پلیٹ فارم ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ فنڈ پلیٹ فارم کو تیار کرنے، چلانے اور اس کی نگرانی کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، اس پلیٹ فارم کے ذریعے سے سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمت کے متلاشیوں کے ڈیٹا کو معیاری بناتے ہوئے اس کو دستاویزی شکل دی جائے۔