پشاور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر نور الحق قادری کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر ایف آئی اے حکام کو نوٹس جاری کردیا

بدھ 21 جون 2023 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2023ء) پشاور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا نام نو فلائی لسٹ شامل کرنے کے خلاف درخواست پر ایف آئی اے حکام کو نوٹس جاری کرکے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سے آج( جمعرات) تک جواب طلب کرلیا۔ درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل قاضی جواد احسان اللہ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔درخواست گزار حج کے لئے جارہے ہیں اور پرسوں آخری حج کی پرواز ہے۔ اسکا موکل سابق وفاقی وزیر رہ چکا ہے اسکا نام نو فلائی لسٹ سے نکال کر فریضہ حج ادا کرنے کا موقع دیا جائے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرکے سماعت آج تک ملتوی کردی ۔