چائلڈ ویلفیئر بیوروکے بچوں کوفراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار پرسمجھوتہ نہیں کیاجائیگا،ڈپٹی کمشنر

بدھ 12 جولائی 2023 20:34

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2023ء) ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے چائلڈ پروٹیکشن بیوروکے بچوں کوپلے لینڈ کنگز مال تفریح کیلئے لے جانے کا وعدہ پورا کر دیا۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)وقاص سکندری نے اپنی نگرانی میں بچوں کی فرمائش کے مطابق انہیں پلے لینڈ کنگز مال لے جایا گیا اور انہیں مختلف قسم کی ویڈیو گیمز اور جسمانی گیمز کھلوائی گئیں اس کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء جن میں چاکلیٹ، کولڈ ڈرنکس، پیزا اور دیگر اشیاء بھی دلوائی گئیں۔

بچوں نے تفریحی سرگرمیوں کو خوب پسند کیا اور محظوظ ہوئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یتیم، بے سہارا بچوں کی کفالت اللہ تعالٰی کی خوشنودی اور رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کو ان بچوں کی کفالت، بہترین کھانا، کھیل اور سیر و تفریح میں معاونت کیلئے آن بورڈ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت کرنا اللہ تعالیٰ کی نظر میں پسندیدہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر قطعاً سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ ان بچوں کو معاشرے کے مفید اور فعال شہری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ان بچوں کی تعلیم و تربیت پر محکمانہ ذمہ داری سے بڑھ کر توجہ دیں۔ڈپٹی کمشنر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کے ساتھ خوش اسلوبی اور نرمی کے ساتھ پیش آیا جائے اور ان بچوں کی تمام ضروری اور جائز ضروریات کو پورا کیا جائے اور ان کو قانون کے مطابق با آسانی ان کے والدین کے ساتھ ملنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے۔\378