سابق چیف جسٹس پاکستان سید تصدق حسین جیلانی کو اے بی اے انٹر نیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈ 2023 سے نوازا جائیگا ، امریکن بار ایسوسی ایشن

جمعہ 21 جولائی 2023 16:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2023ء) سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس سید تصدق حسین جیلانی کو امریکن بار ایسوسی ایشن نے ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکن بار ایسوسی ایشن (اے بی اے) کے سالانہ اجلاس میں جسٹس سید تصدق حسین جیلانی کو انٹر نیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈ 2023ء سے نوازا جائےگا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے 5اگست 2023ء کوڈینور میں اے بی اے کے سالانہ اجلاس کے موقع پر جسٹس سید تصدق حسین جیلانی کو اے بی اے انٹر نیشنل ہیومن رائٹس ایوارڈ 2023 پیش کیا جائے گا۔

امریکن بار ایسوسی ایشن نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی بحران کے دوران جرات مندانہ فیصلوں اور عدالتی آزادی کے دفاع کے اقدامات کے اعتراف میں سید تصدق حسین جیلانی کو ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس سید تصدق حسین جیلانی نے 2013 تا 2014 پاکستان کے 21ویں چیف جسٹس کے طور پر خدمات سرانجام دی تھیں ۔