دوران ڈیوٹی وفات پانے والے اہلکاروں کے بچوں کو لواحقین کے کوٹے پر ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں، صوبائی سیکرٹری اطلاعات

ہفتہ 12 اگست 2023 17:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2023ء) صوبائی سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات میں محکمہ کے دوران ڈیوٹی وفات پانے والے اہلکاروں کے بچوں کو لواحقین کے کوٹے پر ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ، یہ اقدام قابل قدر اور قابل تحسین ہے ، ان ملازمین کی محکمہ کے لیے خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اب امید رکھتے ہیں کہ ان کے جن بچوں کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ان کے بچے بھی محکمہ کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروے کار لائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں محکمہ تعلقات عامہ میں لواحقین کے کوٹے پر بھرتی ہونے والے چار اہلکاروں میں تقرری کے لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے کیا ۔ اس موقع پر محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل کامران اسد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات نے بعد ازاں دفتر میں نئے قائم کیے گئے مانیٹرنگ روم اور ڈیوٹی روم کا بھی افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلقات عامہ کو جدید حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے دنیا بھر میں آنے والے جدید میڈیا خصوصا ًسوشل میڈیا کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا ، اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے اسرار و رموز سیکھنا انتہائی ضروری ہے ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ کامران اسد نے کہا کہ بلوچستان میں لواحقین کے کوٹے کے حکومتی و عدالتی فیصلے پر سب سے پہلے ان کے محکمے میں عمل درآمد کیا گیا ، یہ ہماری جانب سے ہمارے دوران ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کی خدمات کو سلام عقیدت ہے ۔ انہوں نے نئے مانیٹرنگ روم اور ڈیوٹی رومز کے قیام کے حوالے سے کہا کہ دفتر کے مختلف شعبوں میں جدت لائی جا رہی ہے اور یہ عمل تسلسل سے جاری رہے گا ۔

یاد رہے کہ محکمہ کے وفات پا جانے والے چار اہلکاروں محمد حنیف مرحوم فوٹوگرافر ، ولی الرحمن مرحوم سپرٹینڈنٹ ، حضور بخش مرحوم فوٹوگرافر ڈی ایم جمالی اور زردار خان چوکیدار لورالائی آفس کے بیٹوں کو مختلف اسامیوں پر اور لواحقین کے کوٹے پر ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ اس موقع پر محکمہ کے ڈائریکٹر سید تنویر احمد اور ڈائریکٹر ظفر علی ظفر سمیت دیگر افسران واہلکاران نے شرکت کی ۔