بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی پاکستانی بولنگ اٹیک کے معترف

پاکستان کرکٹ ٹیم کی اصل طاقت اس کے بولرز ہیں جو کسی بھی موقع پر میچ کا رخ بدل سکتے ہیں، بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 1 ستمبر 2023 00:34

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی پاکستانی بولنگ اٹیک کے معترف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اگست 2023ء ) بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی بھی پاکستانی بولنگ اٹیک کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ انہوں نے اپنے بیان میں پاکستنانی بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اصل طاقت اس کے بولرز ہیں جو کسی بھی موقع پر میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے کیوں کہ پاکستان ٹیم میں کافی اچھا ٹیلنٹ ہے، وہ ایک کوالٹی ٹیم ہے۔

ویرات کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی سب سے مضبوط اسٹرینتھ اس کی بولنگ ہے کیوں کہ پاکستان ٹیم میں ایسے بااثر اور باصلاحیت بولرز ہیں جو کسی بھی موقع پر اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہ ہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہر میچ میں ہر سیزن میں پہلے سے بہتر کیسے ہوسکتے ہیں؟ یہی وجہ ہے کہ کارکردگی میں تسلسل رہتا ہے کیوں کہ اگر آپ نے صرف ایک پرفارمنس کو ہدف بنا کر رکھا تو ایک موقع پر آکر آپ خود سے مطمئن ہو کر محنت کرنا بند کردیں گے۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی بولرز کا سامنا کرنے کےلیے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔ انٹرویو میں ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ون ڈے کرکٹ کو انجوائے کرتے ہیں، کیوں کہ ون ڈے کرکٹ کا چیلنج ان کا بہترین کھیل سامنے لاتا ہے۔ یہ فارمیٹ ایک بیٹر کا مکمل امتحان لیتا ہے۔ ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گزشتہ سال سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی جانب سے تعریف پر جواب دیدیا۔

سٹار سپورٹس کی جانب سے بابر اعظم کا ایک مختصر انٹرویو شیئر کیا گیا جس میں انہوں نے گزشتہ سال کے ویرات کوہلی کے انٹرویو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کافی اچھا محسوس ہوتا ہے جب کوئی آپ کے بارے میں اس طرح کے کمنٹس دیتا ہے۔ بابر نے کہا کہ جس طرح ویرات کوہلی نے میرے بارے میں کمنٹس دیے، وہ میرے لیے کافی فخر کی بات ہے، ویرات کی جانب سے تعریف کرنے پر اچھا لگا، جب آپ کو کچھ چیزیں ملتی ہیں یا کوئی آپ کی تعریف کرتا ہے تو اس سے آپ کو اعتماد ملتا ہے۔

قومی کپتان نے کہا کہ جب میں ویرات کوہلی سے ورلڈ کپ 2019ء میں ملا تھا تب وہ اپنے عروج پر تھے اور آج بھی عروج پر ہیں، اُس وقت میں یہ سوچ رہا تھا کہ ویرات کوہلی سے کچھ سیکھ لوں اور مجھے ان سے سیکھنے کا موقع بھی ملا۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ ’میں نے ویرات سے جو سوال پوچھے جن کی مجھے ضرورت تھی وہ انہوں نے اچھے انداز میں بتایا، ان کے بتانے سے مجھے کافی مدد ملی۔

بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسی چیزیں جب آپ ایک دوسرے کے بارے میں کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے‘۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ویرات کوہلی نے بھارتی میڈیا سے اپنے ایک انٹرویو میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے پہلی ملاقات میں بابر کی طرف سے اپنے لیے بے پناہ عزت دیکھی اور وہ اس حقیقت سے قطع نظر کہ بابر دنیا کے نمبر ون بیٹرز میں سے ایک ہے، آج تک تبدیل نہیں ہوئی، بابر ایک بہترین ٹیلنٹ ہے جسے دیکھنے میں ہمیشہ مزہ آتا ہے۔