سابق انسپکٹر عابد باکسر دوبارہ گرفتار، 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

جمعرات 19 اکتوبر 2023 19:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2023ء) سرکاری رائفل چھننے اور پولیس حراست سے بھاگنے والے سابق انسپکٹر عابد باکسر کو سی آئی اے نے دوبارہ گرفتار کرلیا ہے، اور عدالت نے ان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرلیا ہے۔13 اکتوبر کو سابق انسپکٹر عابد باکسر مبینہ طور پر پولیس حراست سے فرار ہوگئے تھے اور لاہور پولیس نے کہا تھا کہ عابد باکسر سرکاری رائفلیں چھین کر 3 اشتہاری ملزمان کے ساتھ فرارہو گیا، اور ملزم گرفتاری کے بعد پولیس کو للکار رہا تھا۔

ترجمان سی آئی اے پولیس کے مطابق عابد باکسر کو گزشتہ رات ایک کارروائی کے دوران دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، اور تفتیش کے لیے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالہ کردیا گیا۔ترجمان نے بتایا سابق انسپکٹر کو سی آئی اے سول لائنز کی ٹیم نے گرفتار کیا، ان کے خلاف تین تھانوں میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سابق انسپکٹر عابد باکسر کو سرکاری رائفل چھننے اور پولیس حراست سے بھاگنے کے کیس میں انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے عدالت سے سابق انسپکٹر عابد باکسر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، اور عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کا 7 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، اورپولیس کے حوالے کردیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کرلی اور عابد باکسر کو دوبارہ 26 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ عابد باکسر کے خلاف سرکاری اسلحہ چھیننے اور پولیس حراست سے فرار ہونے کا مقدمہ تھانہ فیصل ٹاون میں درج ہے۔