تحریک آزادی کے رہنما چوہدری رحمت علی مرحوم کی سالگرہ منائی گئی

جمعرات 16 نومبر 2023 15:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2023ء) تحریک آزادی کے رہنما چوہدری رحمت علی مرحوم کی سالگرہ جمعرات کو منائی گئی۔اس موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ فیصل آباد کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں برصغیر پاک و ہند میں نئی اسلامی مملکت کیلئے ”پاکستان“ کانام چننے پر مرحوم کوخراج تحسین و خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے صدر میاں عبدالوحید اور سیکرٹری ارشد قاسمی نے کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام لاکھوں لوگوں کی جانی اور مالی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں الگ مسلم ریاست کے قیام کے لئےپاکستان کا نام دینے کا تمام تر کریڈٹ چوہدری رحمت علی مرحوم کو جاتا ہے۔ اگرچہ انہوں نے خطے میں آزاد مسلم ریاست کے قیام کیلئے بھی زبردست جدوجہد کی لیکن لفظ پاکستان کے انتخاب کی وجہ سے ان کو ہر دور میں دیگر اکابرین پر واضح فوقیت حاصل رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چوہدری رحمت علی کا شمار تحریک پاکستان کے سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف پوری پاکستانی قوم بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا لفظ امت مسلمہ کے استعارے کے طور پر استعمال ہورہاہے اور اس کے لئے ہم چوہدری رحمت علی کی دور اندیشی اور فکری بصیرت کے معترف ہیں۔ انہوں نے چوہدری رحمت علی کو قومی نصاب کا حصہ بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سے نوجوان نسل کو اپنے اکابرین کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا۔