ٹیکنالوجی کے فروغ اور ذرائع مواصلات کی بے پناہ ترقی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنادیاہے ، ڈاکٹر خالدعراقی

جمعہ 8 دسمبر 2023 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ذرائع مواصلات کی بے پناہ ترقی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنادیاہے ،محدو دوسائل میں رہ کر بھی بہت کچھ کیاجاسکتاہے ،اس کے لئے تخلیقی صلاحیتوں کو ہوناناگزیرہے، جامعہ کراچی ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ ڈگری شروع کرنے والی پہلی سرکاری جامعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے سرورنسیم ہال میں منعقدہ بی ایس”ڈیجیٹل میڈیامارکیٹنگ“ ڈگری پروگرام کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ جامعہ تواترکے ساتھ نئے ڈگری پروگرامز متعارف کرارہی ہے اور گزشتہ تین چارسال کے عرصے میں بی ایس ان پولٹری سائنس،بی ایس ان ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس،بی ایس ان میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی،بی ایس ان پبلک ہیلتھ اوراسی سال بی ایس ان سپورٹس بزنس مینجمنٹ اور اب ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ متعارف کرایاجارہے۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل میڈیامارکیٹنگ متعارف کرانے کا سہراشعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کی فیکلٹی کے سرہے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ بی ایس ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ بھی انٹرمیڈیٹ پاس کرنے والے طلبہ کی طرح داخلے کے اہل ہوں گے۔اس موقع پر شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کی صدر ڈاکٹر عصمت آراء نے کہا کہ یہ شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی کا ویژن ہے جس کے نتیجے میں آج یہ ڈگری پروگرام متعارف کرایا جارہا ہے۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ ہمارے طلبہ کو انٹرپرینیورشپ کی طرف لے جائے گا اور ہمارے طلبہ اپنا کانٹینٹ خودتخلیق کرسکیں گے۔اب تک سات نجی جامعات میں یہ پروگرام چلایاجارہاہے لیکن جامعہ کراچی پہلی سرکاری جامعہ ہے جس میں مذکورہ ڈگری پروگرام شروع کیاجارہاہے۔ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ٹرینر،کنسلٹنٹ آصف اقبال نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔